Maktaba Wahhabi

318 - 331
میں مسلمان کیوں ہوئی [لیڈی محترمہ ایولن کوبولڈ زینب نے اپریل 1933ء میں ادائیگی ٔ حج کی سعادت حاصل کی۔ یہ سعادت حاصل کرنے والی آپ پہلی انگریز مسلم خاتون تھیں ۔ آپ نے اپنی یادداشتیں اپنی کتاب "My Pilgrimage To Mecca" (میرا مکہ کا حج) کے عنوان سے شائع کروائیں ۔14دسمبر1933ءکو برطانیہ کی مسلم سوسائٹی کی جانب سے کارلٹن ہوٹل (Carlton Hotel) لندن میں سیرت کے حوالے سے ایک محفل منعقد کی گئی جس کی آپ میزبان تھیں ۔ اس موقع پر آپ نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ایک پر مغز خطاب فرمایا۔ (مدیر)] مجھ سے اکثر یہ پوچھا جاتا ہے کہ میں مسلمان کیوں ہوئی؟ میں صرف یہی جواب دے سکتی ہوں کہ مجھے یہ علم نہیں کس وقت اسلام کی حقیقت مجھ پر منکشف ہوئی؟ کچھ یوں لگتا ہے کہ میں ہمیشہ ہی سے مسلمان تھی۔ جب یہ ذہن میں رکھا جائے کہ اسلام دین فطرت ہے اور بچہ اپنے حال پر چھوڑ دیا جائے تو وہ فطرت ہی کے مطابق پروان چڑھے گا، تو یہ بات آسانی سے سمجھ میں آجاتی ہے، جیسا کہ ایک مغربی نقاد نے ایک دفعہ کہا تھا: ’’اسلام عقل و شعور کا دین ہے۔‘‘ میں نے اسلام کا جتنا زیادہ مطالعہ کیا اتنا ہی میرا یہ یقین راسخ ہوتا گیا کہ اسلام ہی سب سے زیادہ عمل پر زور دیتا ہے اور یہی دنیا کے پیچیدہ ترین مسائل کا بہترین حل پیش کرکے انسانیت کو امن اور خوش حالی دے سکتا ہے۔ تب سے اب تک میر ایہ محکم ایمان ہے کہ اللہ ایک ہے اور حضرت موسیٰ ،حضرت عیسیٰ علیہم السلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور دیگر تمام انبیاء علیہم السلام اللہ ہی سے ہدایت حاصل کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ہر قوم کے لیے ایک نبی بھیجا، انسان فطرتاً گناہ گار نہیں اور ہمیں (دنیا میں ) نجات کے لیے کسی کی سفارش کی ضرورت نہیں کیونکہ ہم کسی بھی وقت اللہ تعالیٰ سے مخاطب ہوسکتے ہیں اور یہ کہ ہماری نجات کا تمام تر دارومدار(اللہ کی رحمت کے بعد) ہمارے ایمان اور اعمال پر ہے۔ اسلام اللہ تعالیٰ کی مکمل اطاعت کا نام ہے، نیز اس کے معنی ’’سلامتی‘‘ کے ہیں اور مسلمان وہ ہے جو خالق کائنات کے احکام پر عمل کرے اور اللہ اور اس کی مخلوق دونوں کو راضی رکھے۔
Flag Counter