Maktaba Wahhabi

47 - 331
صرف اسلام ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے میں خلوصِ دل سے اپنے اُن تمام مسلمان بھائیوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنھوں نے میرے قبولِ اسلام پر مجھے خط اور ٹیلی گرام(تار) بھیج کر میری حوصلہ افزائی کی ۔ ان کی نیک تمناؤں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے مجھے الفاظ نہیں ملتے۔ گزشتہ جنگ (جنگ عظیم اوّل) کے دوران میں دنیا کو خون کی ندیاں عبور کرنا پڑیں ۔ اس کے بعد میں تو یہ سمجھا تھا کہ امن اور خیرخواہی کا وجود ختم ہو گیا لیکن سات سمندر پار سے میرے بھائیوں نے میری طرف دوستی کے ہاتھ بڑھائے تو اس سے مجھے امید اور روحانی مسرّت کا پیغام ملا۔ اس سے میرے لیے یہ بات ثابت ہوگئی کہ صرف اسلام ہی دنیا کو امن دے سکتا ہے۔[1] [سی،ای،عبداﷲآرچیبالڈ ڈبلیو ہیملٹن- سیلسے، سسیکس، برطانیہ ، 8جنوری، 1924ء] (C.E.Abdullah Archibald W.Hmilton, Selsey (Sussex) U.K) اسلام ایک بقعۂ نور ہے روحانی معاملات میں سچ کی تلاش سے مجھے معلوم ہوا کہ اسلام ایک ایسا نور ہے جو شک اور بدگمانی کے اندھیروں کو مٹا دیتا ہے۔ یہ ایک ایسا دین ہے جو خالص اور دائمی سچائی کا ادراک عطا کرتا ہے اور اﷲ تعالیٰ کی انسان سے محبت، اس کی حکمت اور عدل کا احساس دلا کر روح کو تسکین اور تقویت فراہم کرتا ہے۔ میری دعا ہے کہ اﷲ تعالیٰ اسلام کے نور کو دور دراز علاقوں تک پہنچا دے اور اس دین کا امن ہر طرف چھا جائے۔ آمین [2] [سی جی ایچ عبدالرحمن] (C.G.H. Abdur-Rahman)
Flag Counter