Maktaba Wahhabi

207 - 277
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائشی صفات وحلیہ مبارک ہمارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے کامل انسان بنایا اور آپ کو ظاہری وباطنی جمال عطا فرمایا۔اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سب سے زیادہ خوبصورت اور سب سے زیادہ اچھے اخلاق کے مالک تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدائشی صفات کو جاننے سے مومن کو کئی فوائد حاصل ہوتے ہیں۔ان میں سے ایک یہ ہے کہ اس سے مومن کا ایمان بڑھتا ہے کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت طیبہ،صفات حمیدہ اور شریعت مطہرہ کی خوبیوں کو جاننے سے آپ پر ایمان اور مکمل ہوتا اور آپ سے محبت میں اور اضافہ ہوتا ہے۔ اور حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (مَنْ رَآنِیْ فِیْ الْمَنَامِ فَقَدْ رَآنِیْ،فَإِنَّ الشَّیْطَانَ لاَ یَتَمَثَّلُ بِیْ،وَرُؤْیَا الْمُؤْمِنِ جُزْئٌ مِنْ سِتَّۃِ وَّأَرْبَعِیْنَ جُزْئً ا مِنَ النُّبُوَّۃِ) ترجمہ:’’جس شخص نے مجھے خواب میں دیکھا تو اس نے یقینا مجھے دیکھ لیا کیونکہ شیطان میری شکل وصورت اختیار نہیں کرسکتا۔اور مومن کا خواب نبوت کے چھیالیس اجزاء میں سے ایک جزء ہے۔‘‘[بخاری:۶۹۹۴،مسلم:۲۲۶۶] اور حضرت البراء بن عازب رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا قد درمیانہ اور سینہ چوڑا تھا،دونوں کندھوں کے درمیان فاصلہ تھا،آپ کے بال کانوں کی لو تک پہنچتے تھے۔میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سرخ لباس میں ملبوس دیکھا تو مجھے ایسے لگا جیسے میں نے آج تک آپ سے زیادہ خوبصورت آدمی کوئی نہیں دیکھا۔ [بخاری:۳۵۵۱،مسلم:۲۳۳۷]
Flag Counter