Maktaba Wahhabi

276 - 277
کلمہ طیبہ لاَ إِلٰہَ إِلَّا اللّٰہُ کے فوائد 1. سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اللہ عز وجل کی معرفت حاصل ہوتی ہے،لیکن کوئی شخص یہ سوال کرسکتا ہے کہ اس کی معرفت کیسے حاصل ہوتی ہے ؟ تو امام ابن القیم رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ اس کی معرفت کے دو بڑے دروازے ہیں۔ایک یہ کہ آیاتِ قرآنیہ میں تدبر اور غور وفکر کیا جائے۔اور دوسرا یہ کہ اس کے اسمائے حسنی کے معانی کو اچھی طرح سے سمجھا جائے۔ 2. اس سے دل کو سکون و اطمینان نصیب ہوتا ہے اور انسان اپنے آپ میں سعادتمندی کو محسوس کرتا ہے،کیونکہ فطری طورپر انسان کا نفس صرف ایک کا حکم مانتا ہے اور ایک کے منع کرنے پر رکتا ہے۔ اور وہ ایک اللہ تعالیٰ کی ذات ہے جس کے اوامر ونواہی انسانی نفس قبول کرکے راحت محسوس کرتا ہے۔ یہ بات ہر عقلمند کو معلوم ہے کہ نفس انسانی کو حکم دینے والے اور منع کرنے والے متعدد ہوں تو وہ ان کی خواہشات کی بھینٹ چڑھ جاتا ہے اور اسے کبھی راحت نہیں مل سکتی۔ 3.کلمہ طیبہ کا اقرار کرنے سے نفس میں تواضع اور انکساری پیدا ہوتی ہے،کیونکہ اس کیلئے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ وہ ہر لحظہ اپنے خالق ومالک کا محتاج ہے۔ اور جب اس میں محتاجی کا احساس پیدا ہوتا ہے تو وہ لوگوں سے بے نیاز ہو کر صرف اللہ تعالیٰ سے اپنی تمام تر امیدیں وابستہ کر لیتا ہے اور اسی کی پناہ طلب کرتا رہتا ہے۔کیونکہ اللہ ہی وہ ذات ہے کہ جو کسی چیز کا ارادہ کر لے تو صرف لفظ(کُنْ)کہنے سے اس کا ارادہ پورا ہو جاتا ہے۔ بندہ اس قادر مطلق ذات کی پناہ میں جا کر مکمل سعادتمندی کو محسوس کرنے لگتا ہے اور پھر ہمیشہ اسی باشاہوں کے بادشاہ کے سامنے عاجزی اور بندگی ظاہر کرتا ہے۔
Flag Counter