Maktaba Wahhabi

28 - 277
دین ِ اسلام کس چیز کا نام ہے ؟ دین ِ اسلام دو چیزوں کا نام ہے:عقیدہ اور شریعت عقیدہ سے مراد وہ ارکانِ ایمان ہیں جن کا ذکر حدیثِ جبریل میں آیا ہے۔حضرت جبریل علیہ السلام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے جب یہ سوال کیا کہ مجھے ایمان کے بارے میں خبر دیجئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: (أَنْ تُؤْمِنَ بِاللّٰهِ وَمَلاَئِکَتِہٖ وَکُتُبِہٖ وَرُسُلِہٖ وَالْیَوْمِ الآْخِرِ وَتُؤْمِنَ بِالْقَدْرِخَیْرِہٖ وَشَرِّہٖ)[صحیح البخاری] ‘’یہ کہ آپ اللہ پر،اس کے فرشتوں پر،اس کی کتابوں پر،اس کے رسولوں پر،آخرت کے دن پر اور اچھی اور بری تقدیر پر ایمان لائیں’‘ اور شریعت سے مراد وہ احکامات ہیں جو لوگوں کی زندگی کو منظم کرتے اور ان کے باہمی تعلقات کو خوشگوار بناتے ہیں،اور ان میں ارکان اسلام،عبادات،معاملات اور اخلاقیات وغیرہ شامل ہیں۔ گویا عقیدے کا تعلق دل سے اور شریعت کا تعلق عمل سے ہے اوردونوں کے درمیان بڑا گہرا اور مضبوط تعلق ہے۔اور دونوں اس طرح لازم وملزوم ہیں کہ عقیدہ بغیر عمل کے کچھ نہیں اور عمل بغیر صحیح عقیدہ کے کچھ نہیں۔ ڈاکٹر صالح آل الشیخ کہتے ہیں: ‘’عقیدہ اور شریعت دونوں آپس میں لازم وملزوم ہیں،چنانچہ ان میں سے کوئی ایک دوسرے سے جدا نہیں ہو سکتا،لہذا صحیح عقیدہ بغیر عمل کے کچھ نہیں اور کوئی عمل بغیر صحیح عقیدہ کے قبول نہیں۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:﴿مَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّنْ ذَکَرٍ أَوْ أُنْثیٰ وَہُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْیِیَنَّہُ حَیَاۃً طَیِّبَۃً﴾[النحل:۹۷]
Flag Counter