Maktaba Wahhabi

557 - 589
دوست ہیں ، انھیں پر اس کا تسلط رہے گا۔ وہ غرباے اسلام جن کا اللہ پر ایمان ہے اور وہ اسی پر بھروسا رکھتے ہیں ۔ دنیا کے عاشق، مال کے بندے اور نام کے طالب نہیں ہیں ، ان پر شیاطین کا داؤ نہیں چلے گا۔ فرمایا: ﴿ اِنَّہٗ لَیْسَ لَہٗ سُلْطٰنٌ عَلَی الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا وَ عَلٰی رَبِّھِمْ یَتَوَکَّلُوْنَ﴾ [النحل: ۹۹] [جو ایمان لائے اور جن کو اللہ پر توکل ہے، ان پر شیطان کا داؤ نہیں چل سکتا] مزید فرمایا: ﴿ اِنَّ عِبَادِیْ لَیْسَ لَکَ عَلَیْھِمْ سُلْطٰنٌ وَ کَفٰی بِرَبِّکَ وَکِیْلًا﴾ [بني إسرائیل: ۶۵] [میرے بندوں پر تیرا تسلط نہیں ہو سکتا۔ تیرا رب کار سازی کے لیے کافی ہے] ان سے اگر بھول چوک ہو جائے تو متنبہ ہونے پر فوراً نادم ہو کر تائب ہو جاتے ہیں ، جب کہ مال دار نصیحت کرنے پرضد کرنے لگتے ہیں ۔ فرمایا: ﴿ وَ اِذَا قِیْلَ لَہُ اتَّقِ اللّٰہَ اَخَذَتْہُ الْعِزَّۃُ بِالْاِثْمِ فَحَسْبُہٗ جَھَنَّمُ وَ لَبِئْسَ الْمِھَادُ﴾ [البقرۃ: ۲۰۶] [اگر اس سے کہا جائے کہ اللہ سے ڈرو تو گناہ سے سرفرازی اسے باز رکھتی ہے، اس کے لیے جہنم کافی ہے اور وہ برا ٹھکانا ہے] قیامت کی نشانیاں : قیامت کی نشانیاں حق ہیں ۔ غربتِ اسلام، قلتِ علم، کثرتِ جہل، قتلِ عام، ظہورِ مہدی، نزولِ عیسیٰ، خروجِ دجال، ظہورِ دابتہ الارض، خروجِ یا جوج ماجوج، مغرب سے سورج کا نکلنا اور رفعِ قرآن وغیرہ چھوٹی بڑی بہت سی نشانیاں اور چھوٹے بڑے فتنے قرآن و حدیث سے ثابت ہیں ۔ رسول اکرم صادق و مصدوق صلی اللہ علیہ و سلم نے ان کی خبر دی ہے۔ اسی طرح نفخِ صور، بعث بعد الموت، انشقاقِ سماوات، وقوعِ نجوم، طیرانِ جبال، خرابِ ارض، مخلوق کا جمع ہونا، مردوں کا قبروں سے زندہ ہو کر اٹھنا، دوزخ کی مختلف عذاب کی قسمیں جیسے سانپ، بچھو، زنجیر، طوق، آبِ گرم، زقوم اور غسلین وغیرہ، اور جنت کی مختلف نعمتیں جیسے حور و قصور، اکل و شرب اور دیگر لذات بھی حق ہیں ۔
Flag Counter