Maktaba Wahhabi

619 - 589
کتابِ عزیز اور سنتِ مطہرہ میں جو کچھ آ چکا ہے، دل اسی مطلب ومفہوم پرجم جائے گا، قولِ خدا و رسول کی حقیقت کا اعتقاد جی میں سما جائے گا، بدعت اور اہلِ بدعت سے مکمل نفرت ہو جائے گی، فسق وفجور سے وحشت بڑھ جائے گی، ہر آمد ورفت میں یہی جی چاہے گا کہ قرآن وحدیث کے سوا کوئی ذکر، چرچا اور شغل نہ ہو۔ کسی کی بات پر کان نہ لگایا جائے گا، سر سے پاؤں تک اتباعِ سنت کے طفیل سرا پا نور ہو جائے گا، مجسم طہارت و تقدس بن جائے گا، جوارِ حظیرۃ القدس [جنت] کے لائق ٹھہرے گا، ریاض المرتاض جنت کی سیر کرنے لگے گا اور دنیا کو ایک قید خانہ سمجھ کر حضرات تجلی کا مشتاق رہے گا۔ اب اس شخص کی پانچوں انگلیاں گھی میں ہو گئیں اور اس کی دنیا و آخرت دونوں سنبھل گئیں ۔ کہو! تو اب اور کیا چاہیے؟ خاتمہ تالیف: یہ رسالہ ایک ہفتے کی قلیل مدت میں ۱۸ جمادی الاخرہ ۱۳۰۲ھ کو بحمدہ تعالیٰ و عونہ مکمل ہوا۔ اے اللہ! عمر بگذشت بمحرومی اگر روز پسیں ختم بہ دولت دیدار شود باکی نیست [زندگی تو محرومی کے ساتھ گزر گئی، اگر آخری دن تیرے دیدار کی دولت سے مالا مال ہو گئی تو میرے لیے آہ وبکا کا کوئی مقام نہیں ہو گا] رب أنت ولي في الدنیا والآخرۃ، توفني مسلما و ألحقني بالصالحین، وآخر دعوانا أن الحمد للّٰه رب العالمین، والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین وخاتم النبیین وشفیع العاصین، وآلہ وصحبہ وعلینا معہم أجمعین۔ ٭٭٭
Flag Counter