Maktaba Wahhabi

246 - 548
تیسری فصل اللہ عزوجل کا ہر رات آسمانِ دنیا پر نزول اہلِ حق اور اہلِ توحید کا اس بات پر اجماع ہے کہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ ہر رات آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے اور اس کا یہ نزول مخلوق کے نزول سے کسی قسم کی مشابہت نہیں رکھتا۔ ہمیں نزولِ باری تعالیٰ کی اصل کیفیت معلوم ہے نہ ہم اس کو کسی چیز کے ساتھ تشبیہ دے سکتے ہیں، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں اس کی کیفیت نہیں بتلائی ہے۔ صرف اس قدر فرمایا ہے کہ اللہ عزوجل ہر شب کو آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے۔[1] رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ محترمہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے ایک دن کہا: آج کے دن اللہ تعالیٰ آسمانِ دنیا پر نزول فرمایا کرتا ہے۔ لوگوں نے دریافت کیا: کون سے دن؟ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے جواب دیا: عرفہ کے دن۔[2] سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی حدیث میں ہے کہ اللہ تعالیٰ نصف شعبان کو رات سے آخر دن تک آسمانِ دنیا پر نزول فرماتا ہے۔[3] امام صابونی رحمہ اللہ نے رسالہ عقائد میں اپنی سند سے ان روایتوں کو درج کیا ہے اور اس صفت کے ثبوت میں سیر حاصل بحث کی ہے۔[4] ٭٭٭
Flag Counter