Maktaba Wahhabi

253 - 548
آٹھویں فصل افعالِ الٰہیہ کی حقیقت اللہ تعالیٰ تمام عالم سے غنی اور بے پروا ہے۔ وہ اپنی صفات میں کسی بھی لحاظ سے کسی شخص اور سبب کا محتاج نہیں ہے اور نہ وہ کسی کا محکوم اور تابع ہے۔ ہر امر میں وہی سب پر غالب ہے۔ وہ جو چاہتا ہے کر ڈالتا ہے اور جس امر کا ارادہ کرتا ہے، اس کا حکم جاری کر دیتا ہے۔ اللہ پر کسی کے واجب کرنے سے کوئی فعل لازمی اور ضروری نہیں ہوتا۔ ہاں جس چیز کا وہ وعدہ کر لیتا ہے، اپنے لطف و کرم سے وہ اسے پورا فرما دیتا ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ سے بڑھ کر کوئی سچا نہیں ہے۔ اللہ کا کام حکمت سے خالی نہیں ہوتا۔ معاملات جزئیہ میں اَلطف اور اَصلح کا پاس لحاظ کرنا اس پر لازم نہیں ہوتا ہے۔ اللہ سبحانہ و تعالی کا کوئی فعل قبیح نہیں ہے اور اس کا کوئی حکم حق و انصاف کے خلاف نہیں ہے۔ اس کی ہر ایجاد اور ہر ارشاد میں حکمت پائی جاتی ہے۔ اس کے سوا کسی کا حکم نہیں چلتا ہے۔ اشیا کا حسن و قبح عقل کی رو سے نہیں ہے۔ اسی طرح اعمال کا نیک و بد ہونا اور ان پر ثواب و عذاب کا مرتب ہونا بھی عقل کے تابع نہیں ہے، بلکہ یہ جملہ امور اللہ ہی کے حکم اور اسی کی تشریع و ارشاد پر موقوف ہیں۔ ٭٭٭
Flag Counter