Maktaba Wahhabi

465 - 579
اور جس سے منع کیا ہے اس سے باز رہنا چاہیے۔ جس کسی کا قول وفعل پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کے قول وفعل سے بال برابر مخالفت رکھتا ہو اسے رد کر دینا چاہیے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے کہ قبر میں منکر ونکیر کا سوال حق ہے۔ کافروں اور بعض گناہ گاروں کے لیے قبر کا عذاب حق ہے۔ موت کے بعد قیامت کے دن اٹھنا حق ہے۔ مارنے اور زندہ کرنے کے لیے صور میں پھونکا جانا حق ہے۔ پہلی دفعہ صور میں پھونکنے سے آسمانوں کا پھٹنا، ستاروں کا بکھرنا، پہاڑوں کا اڑنا اور زمین کا ویران ہونا اور دوسری دفعہ صور پھونکنے سے مُردوں کا قبر سے نکلنا اور جہان کا نئے سرے سے پیدا ہونا حق ہے۔ قیامت کے دن کا حساب، اعمال کا ترازو میں تولنا، اعضا کا گواہی دینا، پل صراط سے گزرنا، جو جہنم کی پشت پر ہو گا، تلوار سے زیادہ تیز اور بال سے زیادہ باریک، حق ہے۔ کوئی شخص تو پل صراط سے بجلی کی طرح، کوئی ہوا کی طرح، کوئی تیز رفتار گھوڑے کی طرح اور کوئی آہستہ سے گزرے گا اور کوئی دوزخ میں گرے گا۔ انبیا اور اولیا کا شفاعت کرنا حق ہے۔ حوض کوثر حق ہے۔ اس کا پانی دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا ہے۔ اس حوض پر ستاروں کی مانند برتن ہوں گے، جو شخص اس کا پانی پیے گا وہ پھر کبھی پیاسا نہ ہو گا۔ گناہ گار مسلمان کا مستقل: اللہ تعالیٰ چاہے توتوبہ کے بغیر گناہ کبیرہ بخش دے اور چاہے تو صغیرہ پر عذاب کرے۔ البتہ جو شخص اخلاص سے توبہ کرتا ہے تو وعدہ الٰہی کے موافق اس کا گناہ ضرور بخش دیا جاتا ہے۔ کافر ہمیشہ جہنم میں مبتلاے عذاب رہیں گے۔ گناہ گار مسلمان اگر دوزخ میں جائیں گے تو بالآخر جلد یا بدیر اس سے باہر نکل آئیں گے، پھر بہشت میں داخل ہوں گے اور اس میں ہمیشہ رہیں گے۔ مسلمان کبیرہ گناہ کرنے سے کافر ہوتا ہے اور نہ ایمان ہی سے خارج ہوتا ہے۔ دوزخ کا عذاب اور جنت کی نعمتیں برحق ہیں: دوزخ کے عذاب کی وہ انواع واقسام جن کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خبر دی ہے جیسے سانپ، بچھو، زنجیر، طوق، آگ، گرم پانی، زقوم، یعنی تھوہر اور پیپ جن کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اور قرآن حکیم میں جن کا ذکر ہے اور جنت کی نعمتوں کی انواع واقسام جیسے طرح طرح کے کھانے پینے اور حور وقصور وغیرہ یہ سب حق ہیں۔ جنت کی سب سے عمدہ نعمت اللہ تعالیٰ کا دیدار ہے۔ مسلمان اللہ تعالیٰ کو بہشت میں کسی پردے اور رکاوٹ کے بغیر بے جہت، بے کیف اور بے مثال دیکھیں گے۔
Flag Counter