Maktaba Wahhabi

103 - 444
فصل ثانی عقیدۂ اہل السنۃ والجماعۃ سلف صالحین کے اُصول عقیدۂ اہل السنۃ والجماعۃ کے اُصول کا اجمال : اس بات میں کوئی شک نہیں کہ :سلف صالحین کے منہج پر چلنے والے اہل السنۃ والجماعۃ عقیدہ و عمل اور اسلام کے صحیح طریقہ پر چلنے میں ہمیشہ نہایت واضح اور قائم دائم اُصولوں پر گامزن رہتے ہیں۔ یہ اُصول کتاب اللہ العزیز اور صحیح احادیث سے ثابت سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ماخوذ ہوتے ہیں۔ چاہے یہ صحیح احادیث مبارکہ متواتر ہوں یا خبر واحد والی۔ اسی طرح یہ اُصول اس امّت کے سلف صالحین صحابہ کرام و تابعین عظام رضی اللہ عنہم اورمن تبعھم باحسان رحمہم اللہ جمیعًا کے فہم سے لیے جاتے ہیں۔ چنانچہ نبی ختم المرسلین محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دین کے اُصول نہایت تسلی بخش بیان کے ذریعے نہایت واضح طور پر بیان فرما دیے ہیں۔ اس لیے کسی بھی شخص کو اس بات کی اجازت نہیں ہے کہ وہ ان اُصول میں کسی نئی چیز کا اضافہ کرے اور وہ اس بات کا گمان بھی رکھتا ہو کہ اُس کا اضافہ (اپنی ایجاد کردہ بدعات) دین کا حصہ ہے۔ اہل السنۃ والجماعۃ نے ہمیشہ انھی اصولوں کو علمًا و عملاً اختیار کیا ہے جو قرآن و سنت اور فہم سلف صالحین سے ثابت ہوں۔ اور انھوں نے ہمیشہ بدعات و خرافات پر مشتمل جدید الفاظ سے اجتناب کرتے ہوئے قرآن و سنت والے شرعی الفاظ کو لازم پکڑا ہے۔ اس سے سلف صالحین کی اس ضمن میں حقیقی وسعت نظری کا فہم معلوم ہوتا ہے۔ ذیل میں ’’اہل السنۃ والجماعۃ سلف صالحین و اہل الحدیث ‘‘ کے ہاں دین کے اُصول کومختصراً ، بالا جمال بیان کیا جاتا ہے۔
Flag Counter