Maktaba Wahhabi

8 - 99
بسم اللّٰه الرحمٰن الرحیم ایمان کی اہمیت معزز قارئین ! اس رسالے کا آغاز ہم قرآنِ مجید کی دو آیاتِ مبارکہ سے کرتے ہیں چنانچہ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : {مَنْ عَمِلَ صَالِحاً مِّنْ ذَکَرٍ أَوْ أُنْثٰی وَہُوَ مُؤْمِنٌ فَلَنُحْیِیَنَّہٗ حَیَاۃً طَیِّبَۃً وَلَنَجْزِیَنَّہُمْ أَجْرَہُم بِأَحْسَنِ مَا کَانُواْ یَعْمَلُوْنَ} (سورۃ النحل:۹۷) ’’ جو شخص نیک عمل کرے ، مرد ہو یا عورت ، بشرطیکہ ایمان والا ہو، تو اسے ہم یقینا بہت ہی اچھی زندگی عطا کریں گے ، اور ان کے نیک اعمال کا بہتر بدلہ بھی انہیں ضرور دیں گے ۔‘‘ دوسری جگہ ارشاد فرمایا : { الَّذِیْنَ آمَنُوْا وَعَمِلُوْا الصَّالِحَاتِ طُوْبٰی لَہُمْ وَحُسْنُ مَآبٍ} (سورۃ الرعد:۲۹) ’’ جو لوگ ایمان لائے اور انہوں نے نیک عمل کیٔے، ان کیلئے خوشحالی بھی ہے اور عمدہ ٹھکانا بھی ۔‘‘ پہلی آیتِ کریمہ میں اللہ تعالیٰ نے نیک عمل کرنے والے ہر مرد وعورت کو دنیا میں پاکیزہ زندگی عطا کرنے اور آخرت میں ان کے اعمال کا بہتر بدلہ دینے کا وعدہ فرمایا ہے ، لیکن اس شرط پر کہ عمل کرنے والا، خواہ مرد ہو یا عورت ،ایمان والا ہو۔۔۔۔ اس سے معلوم ہوا کہ دنیا وآخرت کی کامرانی وکامیابی کیلئے ایمان بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی طرح دوسری آیتِ کریمہ میں بھی اللہ تعالیٰ نے ایمان والوں اور عملِ صالح کرنے والوں کو دنیا میں خوشحالی اور آخرت میں عمدہ ٹھکانے کی خوشخبری سنائی ہے ۔۔۔ اور یہ بھی اس بات کی دلیل ہے کہ ایمان کی بنیاد پر ہی دونوں جہانوں کی فلاح نصیب ہو سکتی ہے ۔
Flag Counter