Maktaba Wahhabi

327 - 440
فصل نہم: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اصحاب کے حقوق کا بیان(۱) (۱) مؤلف رحمہ اللہ نے اس عقیدہ (کی کتاب) کے آغاز میں ایمان باللہ، اس کے فرشتوں، کتابوں، رسولوں، یوم آخرت اور تقدیر پر ایمان لانے کے بارے میں گفتگو فرمائی ہے۔ اس کے بعد اب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ، آپ کے صحابہ کرام اور آپ کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہم اجمعین کے حقوق بیان کرنے کے لیے یہ فصل قائم کی ہے تاکہ ہر مسلمان کو ان مسائل کی بصیرت حاصل ہوجائے جن میں خواہش پرست اور بدعتی لوگوں نے صحابہ کرام اور ازواج پیغمبر رضی اللہ عنہم کے حق کے سلسلے میں اختلاف کیا ہے۔ اور تاکہ مسلمان ان گمراہ لوگوں کے خود ساختہ شبہات اور خواہشات سے متاثر نہ ہوں۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ، آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور آپ کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کے حقوق کی صراحت کرنے کی وجہ یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابہ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن کے حقوق نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق میں داخل ہیں۔ اصل حق پیغمبر صلی اللہ علیہ وسلم کا ہے اور ان دیگر لوگوں کے حقوق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے حقوق میں ہی داخل ہیں۔ لہٰذا یہ ایک اہم فصل ہے۔ اس پر توجہ دینا اور اس کے احکام کی معرفت انتہائی اہم ہے۔ علاوہ ازیں مصنف رحمہ اللہ نے اس فصل میں مسلمانوں کے حقوق، کسی گناہ کے ارتکاب کی وجہ سے مسلمان کی تکفیر نہ کرنے، لوگوں کے بارے میں غلو نہ کرنے، کتاب اللہ اور سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے کسی دلیل کے بغیر کسی کے جنتی یا جہنمی ہونے کا فیصلہ نہ دینے کا بھی ذکر کیا ہے۔ کیونکہ ان تمام مسائل میں اکثر گمراہ لوگ پڑے ہیں اور انہوں نے حق کی مخالفت کی ہے۔ لہٰذا اہل سنت والجماعت سلفی اہل حق پر واجب ہے کہ انہیں بیان کریں اور ان کی وضاحت کریں۔
Flag Counter