Maktaba Wahhabi

32 - 164
باب اوّل : قرآن کریم کی قراء ات اور اس میں غور و فکر علم کی قوت و زیادتی اور اس کے ثبات و استحکام تک پہنچانے والے اسباب میں سے یہ بہت بڑا دروازہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں پر وہ کتاب مبین نازل فرمائی جو رحمت و ہدایت اور چمکتا ہوا نور ہے۔ نیز یہ نیک لوگوں کے لیے خوش خبری اور نصیحت ہے، چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں : ﴿ وَهَذَا كِتَابٌ أَنْزَلْنَاهُ مُبَارَكٌ مُصَدِّقُ الَّذِي بَيْنَ يَدَيْهِ ﴾ (الانعام: ۹۲) ’’یہ کتاب ہے جسے ہم نے نازل کیا، بابرکت ہے اور اس سے پہلے والی کتاب کی تصدیق کرتی ہے۔‘‘ اور فرمایا: ﴿ إِنَّ هَذَا الْقُرْآنَ يَهْدِي لِلَّتِي هِيَ أَقْوَمُ وَيُبَشِّرُ الْمُؤْمِنِينَ الَّذِينَ يَعْمَلُونَ الصَّالِحَاتِ أَنَّ لَهُمْ أَجْرًا كَبِيرًا ﴾ (الاسراء: ۹) ’’یہ قرآن اس چیز کی طرف ہدایت کرتا ہے جو نہایت سیدھی اور درست ہے اور ان ایمان والوں کو جو اچھے عمل کرتے ہیں یہ بشارت دیتا ہے کہ ان کے لیے بڑا اجر ہے۔‘‘ اور فرمایا: ﴿ وَنُنَزِّلُ مِنَ الْقُرْآنِ مَا هُوَ شِفَاءٌ وَرَحْمَةٌ لِلْمُؤْمِنِينَ وَلَا يَزِيدُ الظَّالِمِينَ إِلَّا خَسَارًا ﴾(الاسراء: ۸۲) ’’اور ہم قرآن سے وہ چیز نازل کرتے ہیں جو مومنوں کے لیے شفا اور رحمت ہے اور ظالموں کو نقصان اور گھاٹے میں ہی اضافہ کرتا ہے۔‘‘
Flag Counter