Maktaba Wahhabi

202 - 234
باب: لا یرد من سال باللّٰه باب:اللہ تعالیٰ کے نام پر مانگنے والے کوخالی ہاتھ نہ لوٹایاجائے حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ((مَنْ سَاَلَ بِاللّٰهِ فَاَعْطُوْہُ وَ مَنِ اسْتَعَاذَ بِاللّٰهِ فَاعِیْذُوْہُ وَ مَنْ دَعَاکُمْ فَاَجِیْبُوْہُ فَاِنْ لَّمْ تَجِدُوْا مَا تُکَافِئُوْنَہٗ فَادْعُوْا لَہٗ حَتّٰی تُرَوْا اَنَّکُمْ قَدْ کَافَاْتُمُوْہُ۔))[1] ’’جو شخص اللہ تعالیٰ کا نام لے کر مانگے اُسے دو۔ اور جو اللہ تعالیٰ کے نام سے پناہ طلب کرے اُسے پناہ دو۔ اور جو شخص دعوت دے اُسے قبول کرو اور جو تمہارے ساتھ نیکی کرے اس کا بدلہ دو۔ اگر بدلہ نہ دے سکو تو اس کے لئے اس قدر دعا کرو کہ تمہیں یقین ہو جائے کہ اس کا بدلہ چکا دیا گیا ہے۔‘‘ اس باب کے مسائل: 1۔ جو کوئی شخص اللہ تعالیٰ کا واسطہ دے کر پناہ طلب کرے تو اسے پناہ دی جائے۔ 2۔ اور جو شخص اللہ تعالیٰ کے نام پر سوال کرے اسے بھی کچھ نہ کچھ دینا چاہیے۔ 3۔ دعوت ضرور قبول کرنی چاہیے۔ 4۔ حسن سلوک کرنے پر اس کا بدلہ بھی دینا چاہیے۔ 5۔ جو شخص احسان کا بدلہ نہ دے سکتا ہو ؛ وہ اپنے محسن کے حق میں دعا ہی کردے؛ یہ بھی بدلہ ہے۔ 6۔ اور دعا بھی اس قدر کرے کہ اسے یقین ہو جائے کہ اب بدلہ چکایا جاچکاہے۔
Flag Counter