Maktaba Wahhabi

17 - 242
عرض ناشر موت ایک ایسی حقیقت ہے جس سے انکار کسی کے لئے بھی ممکن نہیں ہے ۔دنیا میں ہر نظریہ کے متعلق اختلاف موجود ہے ۔حتیٰ کہ خدا رسول اور نظام کائنات کے بارے میں مختلف مذاہب کے درمیان الگ الگ آراء پائی جاتی ہیں مگر موت اٹل حقیقت ہے جس کے متعلق دنیا میں کوئی اختلاف نہیں ہے ہر کوئی جانتا ہے کہ ایک دن اس کی دنیاوی زندگی کا تسلسل یقینا ختم ہو کر رہے گا۔جب اس کی موت کا وقت آئے گا تو دنیا کی کوئی طاقت اور اعلیٰ سے اعلیٰ سائنسی اسباب اور وسائل اس کو موت سے نہیں بچا سکیں گے۔ ﴿فَاِذَا جَآئَ اَجَلُہُمْ لَا یَسْتَاْخِرُوْنَ سَاعَۃً وَّ لَا یَسْتَقْدِمُوْنَ﴾ ’’سو جس وقت ان کی معیاد معین آجائے گی ،اس وقت ایک ساعت نہ پیچھے ہٹ سکیں گے اور نہ آگے بڑھ سکیں گے۔‘‘ (الاعراف:۳۴) موت کے متعلق تمام ادیان اور سائنس متفق تو ہیں ، وہ ہمیں موت کے بارے میں باتیں بتاتے ہیں لیکن ایک حد ایسی آتی ہے جہاں سے آگے سوائے اسلام کے کوئی مذہب یا سائنس جواب نہیں دے سکتی۔ اسلام، یہودیت اور عیسائیت .....ان تینوں مذاہب میں دیگر کی نسبت موت پر زیادہ زور دیا گیا ہے۔مگر اسلام نے موت کو سب سے تفصیلاً بیان کیا ہے اور اپنے پیروؤں کو ہمیشہ موت کے بعد کی زندگی کو حقیقی زندگی مان کر دنیا میں صالح کردار پیش کرنے کی نصیحت کی ہے۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اَیْنَ مَا تَکُوْنُوْا یُدْرِکْکُّمُ الْمَوْتُ وَ لَوْ کُنْتُمْ فِیْ بُرُوْجٍ مُّشَیَّدَۃٍ﴾ (النسآء: ۷۸)
Flag Counter