Maktaba Wahhabi

255 - 242
قبر پر پھول وغیرہ چڑھانے کا رواج بھی غیر مسنون ہے جس سے اجتناب ضروری ہے۔ قبروں پر چراغاں کرنا بھی ناجائز ہے ایک تو یہ ثابت نہیں ، دوسرا اضاعت مال ہے، تیسرا آتش پرستوں کی نقل اور ان کی مشابہت ہے۔ بعض لوگ بزرگوں سے استغاثہ و استعانت کے تو قائل نہیں ہوتے لیکن استفاضہ عن القبور (قبروں میں مدفون بزرگوں سے روحانی فیض حاصل کرنے) کو تسلیم کرتے ہیں چنانچہ وہ بزرگوں کی قبروں پر چلہ کشی یا مراقبہ کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس طرح ان سے فیض حاصل ہو گا۔ یہ تصور بھی غلط ہے، اگر قبروں سے یہ استفاضہ جائز یا ممکن ہوتا تو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی قبر مبارک سے ضرور روحانی فیض و برکت حاصل کرتے۔ لیکن کسی صحابی نے ایسا نہیں کیا۔ توحید کی تین اقسام: توحید کی تین اقسام: ۱۔ توحید ربوبیت ۲۔ توحید الوہیت ۳۔ توحید صفات ۱۔ توحید ربوبیت کا مطلب ہے کہ اس کائنات کا خالق، مالک، رازق اور مدبر صرف اللہ تعالیٰ ہی ہے۔ اس توحید کو ملاحدہ و زنادقہ کے علاوہ تمام لوگ مانتے ہیں حتیٰ کہ مشرکین بھی اس کے قائل رہے ہیں اور ہیں ، جیسا کہ قرآن کریم نے مشرکین مکہ کا اعتراف نقل کیا ہے۔ ۲۔ توحید الوہیت کا مطلب ہے کہ عبادت کی تمام اقسام کا مستحق صرف اللہ تعالیٰ ہے اور عبادت ہر وہ کام ہے جو کسی مخصوص ہستی کی رضا یا اس کی ناراضی کے خوف سے کیا جائے، اس لیے نماز، روزہ، حج اور زکوٰۃ صرف یہی عبادات نہیں ہیں بلکہ کسی مخصوص ہستی سے دعا و التجا کرنا، اس کے نام کی نذر و نیاز دینا، اس کے سامنے دست بستہ کھڑا ہونا، اس کا طواف کرنا، اس سے طمع اور خوف رکھنا وغیرہ بھی عبادات ہیں ۔ توحید الوہیت یہ ہے کہ یہ تمام کام صرف اللہ تعالیٰ ہی کے لیے کیے جائیں ۔
Flag Counter