Maktaba Wahhabi

194 - 271
حوض کوثر پر ایمان کابیان یومِ آخرت پر ایمان لانے کیلئے ضروری ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حوض پر ایمان لایاجائے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کاحوض متواتر احادیث سے ثابت ہے،امام بخاری رحمہ اللہ نے اپنی صحیح میں کتاب الرقاق کے اندر حوض کا باب قائم فرمایاہے،اوراس کے اثبات کیلئے انیس اسانید ذکر فرمائی ہیں۔حافظ ابن حجر نے فتح الباری میں ذکر فرمایا ہےکہ حوض کی احادیث پچاس سے زائد صحابہ سے مروی ہیں،ان میں سے پچیس صحابہ کے نام قاضی عیاض کے حوالے سے گنوائے ہیں اور تین امام نووی سے ،اور اتنی ہی تعداد کا اپنی تحقیق سے اضافہ کیا ہے،اس طرح پچاس سے زیادہ صحابہ کی فہرست مرتب ہوگئی۔[1] حافظ ابن کثیر نے کتاب النھایۃمیں تیس سےز ائد صحابہ سے حوض کی احادیث نقل فرمائیں ہیں۔[2] نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے حوض کے وصف میں چند احادیث پیش خدمت ہیں: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے: (حوضی مسیرۃ شھر،ماؤہ أبیض من اللبن وریحہ أطیب من المسک، وکیزانہ کنجوم السماء، من شرب منھا فلا یظمأ أبدا)[3] یعنی:میراحوض ایک ماہ کی مسافت کے بقدرہے،اس کاپانی دودھ سے زیادہ سفید اورخوشبو مسک سے زیادہ عمدہ ہے،اس کے آبخورے آسمان کے ستاروں کے برابرہیں،جس نے ایک بار اس کا پانی پی لیا اسے کبھی پیاس نہ لگے گی۔
Flag Counter