Maktaba Wahhabi

68 - 531
جلیل القدر صحابی اور فقیہہ زید بن ثابت انصاری رضی اللہ عنہ کے فرزند ارجمند تھے اور باپ کی طرح تفقہ فی الدین کی صفت سے موصوف تھے۔ انھوں نے احادیث کی روایت اپنے والد ماجد زید، اپنے چچا یزید، اسامہ بن زید اور اپنی والدہ ماجدۃ ام سعد بنت سعد، ام علاء انصاریہ، عبد الرحمن بن ابی عمرہ اور چند دوسرے صحابہ سے کی ہے، ان کا شمار کثیر الراویہ تابعین میں نہیں ہوتا۔ جن تابعین اور تبع تابعین نے خارجہ بن زید سے حدیثیں روایت کی ہیں ان میں ان کے بیٹے سلیمان، ان کے بھتیجے سعید بن سلیمان، سالم ابونصر، ان کے فقہ کے شاگرد ابوزناد، عبدالملک بن ابی بکر بن عبد الرحمن بن حارث، عبد اللہ بن عمرو بن عثمان بن حکیم انصاری، مجالد بن عوف، محمد بن عبد اللہ دیباج، ابن شہاب زہری، یزید بن عبد اللہ بن قسیط، ابوبکر بن حزم اور دوسرے بہت سے لوگ شامل ہیں ۔ موسیٰ بن عقبہ کا بیان ہے کہ اپنے چچا یزید بن ثابت سے خارجہ کی روایت مرسل ہے، اس لیے کہ ان کے چچا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں شہادت سے سرفراز ہوگئے تھے۔ مصعب بن زبیر سے روایت ہے کہ خارجہ بن زید اور طلحہ بن عبد اللہ بن عوف اپنے زمانے کے مفتی مانے جاتے تھے جن کے شرعی فتوؤں پر لوگ عمل کرتے تھے، یہ دونوں گھروں ، نخلستانوں اور املاک کی میراث میں تقسیم کی ذمہ داریاں بھی ادا کرتے اور لوگوں کے لیے املاک کی سندات اور دستاویزات بھی ضبط تحریر میں لاتے تھے۔ ہیثم بن عدی، یحییٰ بن بکیر، خلیفہ بن حصین، علی بن مدینی اور متعدد دوسرے علمائے رجال کا قول ہے کہ خارجہ بن زید کی وفات ۱۰۰ھ مطابق ۷۱۸ء میں ہوئی اور ان کی نماز جنازہ ابوبکر بن محمد بن عمرو بن حزم نے پڑھائی۔ خارجہ کا شمار تابعین کے طبقہ وسطی میں ہوتا ہے۔ (۵) ابوسلمہ بن عبد الرحمن: حافظ حدیث، امام وقت اور مدینۃ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے فقہائے سبعہ سے تعلق رکھنے والے پانچویں بزرگ ابوسلمہ بن عبد الرحمن بن عوف ہیں ، عظیم باپ کے عظیم بیٹے کا نام عبد اللہ یا اسماعیل تھا، مگر ان کی کنیت ابوسلمہ ان کے نام پر غالب رہی، وہ ۲۳ھ مطابق ۶۴۳ء اور ۲۹ھ مطابق ۶۴۹ء کے درمیان کسی وقت پیدا ہوئے۔ ابوسلمہ نے اپنے والد ماجد عبد الرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ سے صرف چند حدیثیں روایت کی ہیں ، کیونکہ ان کی وفات تک یہ بچے تھے، ان کے علاوہ جن صحابہ کرام سے انھوں نے احادیث روایت کی ہیں ان میں اسامہ بن زید، عبد اللہ بن سلام، ابوایوب انصاری، عائشہ اُمّ المومنین، اُم سلمہ اُم المومنین، ان کی بیٹی زینب، اُم سلیم، ابوہریرہ، ابواُسید ساعدی، معیقب دوسی، مغیرہ بن شعبہ، ابوالدرداء، عثمان بن عفان، حسان بن ثابت، ثوبان، حمزہ بن عمرو اسلمی، عبادہ بن صامت، طلحہ بن عبید اللہ، ربیعہ بن کعب، عبد اللہ بن عمرو، عبد اللہ بن عباس، عبد اللہ بن عمر، جابر بن عبد اللہ، زید بن خالد جہنی، نافع بن
Flag Counter