Maktaba Wahhabi

33 - 358
٭ علاوہ ازیں گواہوں کا مسلمان ہونا بھی ضروری نہیں، غیر مسلم کی گواہی بھی جائز ہے۔ ٭ عورت کی گواہی بھی مرد کی گواہی کے برابر ہے۔ ٭ مطلقۂ ثلاثہ کا کسی بھی مرد سے صرف نکاح کر لینا اور اس سے ہم بستری کیے بغیر طلاق لے کر دوبارہ زوجِ اول سے نکاح کر لینا جائز ہے۔ ٭ ڈاڑھی کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے۔ ٭ اسلام میں حدِّ رجم نہیں ہے، بلکہ یہ قرآن کے خلاف ہے۔ ٭ معراج ایک خواب ہے۔ ٭ نزولِ عیسیٰ کا عقیدہ غلط ہے۔ ٭ امام مہدی اور دجال کا خروج بے بنیاد ہے۔ ٭ سیدنا ماعز بن مالک رضی اللہ عنہ ایک غنڈہ اور اوباش تھے۔ (نعوذ باللّٰه ) ٭ غامدیہ (صحابیہ) رضی اللہ عنہا پیشہ ور زانیہ تھی۔ (نعوذ باللّٰه ) وغیرہا من الخرافات و المخترعات۔ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت مستقل اور غیر مشروط ہے: بہر حال بات ہو رہی تھی کہ یہ گروہ نام قرآن کا لیتا ہے، لیکن عمل قرآن کے یکسر خلاف ہے۔ جس حدیث کو چاہتے ہیں یا وہ ان کے مزعومہ نظریات کے خلاف ہوتی ہے، اسے قرآن کے خلاف باور کرا کے ردّ کر دیتے ہیں، حالاں کہ کسی بھی حدیثِ صحیح کو ظاہرِ قرآن کے خلاف باور کرا کے اسے رد کرنا اہلِ اسلام کا شیوہ نہ پہلے کبھی رہا ہے اور نہ، الحمد للّٰه ، اب ہے۔ یہ طریقہ صرف اہلِ زیغ و اہلِ اہوا کا ہے، جنھوں نے موافقتِ قرآن کے خوش نما عنوان سے بے شمار احادیثِ رسول کو ٹھکرا دیا۔
Flag Counter