Maktaba Wahhabi

330 - 358
اس مسئلے میں فقہائے احناف اتنے متشدد ہیں کہ اگر بھول کر یا غلطی سے بھی شہوت کے ساتھ لمس ہو جائے تو حرمت ثابت ہوجائے گی، یعنی اس پر اس کی بیوی حرام ہوجائے گی۔ حالانکہ بھول کر یا غلطی سے ہاتھ لگ جائے تو اس میں شہوت کا دخل نہیں ہوتا، لیکن احناف ایسی صورت میں بھی رعایت دینے کے لیے تیار نہیں ہیں، جب کہ شریعتِ اسلامیہ میں نسیان (بھول چوک) اور غیر ارادی (غلطی) سے ہونے والے فعل میں معافی اور عدمِ مؤاخذہ کی گنجایش رکھی گئی ہے۔ مسلکِ احناف کے برعکس جمہور علما و فقہا اس کو ناجائز، قابلِ تعزیر یا قابلِ حد (اگر معاملہ زنا کاری تک پہنچ جائے) جرم تو گردانتے ہیں، لیکن وہ کہتے ہیں کہ کسی فعلِ حرام سے حلال کام، حرام نہیں ہو سکتا۔ اس لیے زنا سے حرمتِ مصاہرت ثابت نہیں ہوتی۔ ہم فقہ حنفی کے جس مسئلے کی صراحت کر رہے ہیں، وہ مفتیانِ احناف کی زبان سے ملاحظہ فرمائیں۔ پہلے اصل مسئلہ ملاحظہ ہو، اس کے بعد، اس سے متفرع محولہ مسئلے کی بابت عرض کیا جائے گا۔ 1۔دارالعلوم دیوبند کا فتویٰ: سوال (۹۸۹) زید مقر ہے کہ میں نے اپنے بیٹے کی عورت کو شہوت سے مس کیا ہے، آیا زید کے بیٹے پر اس کی عورت حرام ہوگئی یا نہیں؟ جواب زید کا کہنا بیٹے پر حجت نہیں ہوسکتا، لیکن اگر بیٹا بھی اس کی تصدیق کرتا ہے اور گواہوں سے ایسا مس ثابت ہے، جس سے حرمتِ مصاہرت ثابت ہوجائے تو بیٹے پر وہ عورت ممسوسۂ پدر با شہوت (شہوت سے باپ کی چھوئی ہوئی) حرام ہوگئی...۔‘‘[1]
Flag Counter