Maktaba Wahhabi

83 - 98
37. کتاب خوانی میں ضبط اور صحت کا التزام: کسی شیخ کامل کے پاس جا کر کتاب خوانی درست اور بالکل ٹھیک کرنے کی بے حد کوشش کریں، تاکہ آپ کوئی کتاب وغیرہ پڑھنے میں کسی قسم کی تحریف، غلط خوانی اور وہم و گمان سے محفو ظ رہیں۔ جب آپ علما، خاص طور حفاظِ حدیث کے حالاتِ زندگی کا مطالعہ کریں گے تو آپ ان میں کثیر تعداد ایسے لوگوں کی پائیں گے جنھوں نے کسی شیخ کامل کے پاس چند نشستوں یا ایام میں کتاب خوانی میں ضبط و صحت کے اہتمام کے ساتھ بڑی مفصل و طویل کتابوں کی تکمیل کی ہے۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے دس دس گھنٹے کی دس نشستوں میں صحیح بخاری پڑھی اور تقریباً دو اڑھائی دن چار نشستوں میں صحیح مسلم پڑھی۔ یہ کام بروز جمعہ سنہ ۸۱۳ھ عرفہ کے دن ختم ہوا۔ سنن ابن ماجہ ظہر سے عصر تک کی چار نشستوں میں اور معجم الطبرانی الصغیر ایک نشست میں پڑھی۔ اور ان کے شیخ الفیروز آبادی نے دمشق میں صحیح مسلم اپنے شیخ ابن جھبل کے پاس ضبط و صحت کے اہتمام کے ساتھ تین دن میں پڑھی۔ خطیب بغدادی، موتمن ساجی اور ابن الابار وغیرہ کے حالاتِ زندگی میں بھی ایسے بہت سے عجیب و غریب کارنامے ملتے ہیں جنھیں خوفِ طوالت سے نظر انداز کیا جاتا ہے۔[1]
Flag Counter