Maktaba Wahhabi

395 - 611
وضو سے قبل ’’بِسْمِ اللّٰہ‘‘ پڑھنا ضروری ہے: 1. سب سے پہلے آپ کہیں: ’’بِسْمِ اللّٰہ‘‘ ’’شروع کرتی ہوں (کرتا ہوں) اللہ کے نام سے۔‘‘ حضرت سعید بن زید رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’جس نے وضو سے پہلے ’’بِسْمِ اللّٰہ‘‘ نہ پڑھی اس کا وضو نہیں ہوا۔‘‘[1] 2. پھر دونوں ہاتھوں کو تین مرتبہ دھوئیں۔ 3. پھر تین مرتبہ پانی سے کلی کریں اور تین مرتبہ پانی سے ناک صاف کریں۔ 4. پھر تین مرتبہ چہرہ دھوئیں۔ چہرے کی حدودِ اربعہ دائیں کان سے بائیں کان تک اور پیشانی کے بالوں کی جگہ سے لے کر ڈاڑھی یعنی تھوڑی کے نیچے تک ہیں۔ 5. پھر انگلیوں کے پوروں سے لیکر کہنیوں تک دونوں ہاتھوں کو تین مرتبہ باری باری دھوئیں، پہلے دایاں اور پھر بایاں۔ 6. پھر ایک مرتبہ سر کا مسح کریں اور وہ یوں کہ دونوں ہاتھوں کو گیلا کریں اور انھیں سر کے شروع سے لیکر آخر (گردن) تک لے جائیں اور پھر شروع تک واپسی لے آئیں۔ کچھ لوگ سر کے چوتھائی حصہ میں مسح کرتے ہیں جو سنت سے ثابت نہیں۔ اسی طرح الٹے ہاتھوں سے گردن کا مسح کرنا بھی سنت سے ثابت نہیں۔ سر کامسح ہی کافی ہے۔ 7. پھر دونوں کانوں کا ایک مرتبہ مسح کریں، شہادت کی دونوں انگلیوں کو کانوں کے سوراخوں میں ڈالیں اور دونوں انگوٹھوں کو کانوں کی پشت پر پھیریں۔ 8. پھر تین مرتبہ دونوں پاؤں دھوئیں، پہلے دایاں اور پھر بایاں، انگلیوں کے پوروں سے لیکر ٹخنوں تک۔ ہاتھ پاؤں کی انگلیوں کا خلال کرنا چاہیے اور یہ مسنون بھی ہے۔ اعضاے وضو کو ایک بار یا دو بار یا تین بار دھونا جائز ہے۔ اس سے زائد دھونا اسراف اور گناہ ہے۔ مسند احمد، نسائی اور ابن ماجہ کی حدیث میں ہے: ’’جس نے اس سے زیادہ مرتبہ دھویا اُس نے بُرا کیا، زیادتی کی اور ظلم کیا۔‘‘[2]
Flag Counter