Maktaba Wahhabi

507 - 611
اللہ کے خوف سے ڈرنا اور رونا اللہ کو بہت محبوب ہے۔ ایک حدیث میں نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’سات آدمیوں کو قیامت کے دن اللہ تعالیٰ اپنے عرش کے سائے میں جگہ عطا فرمائے گا: 1. جس کی آنکھوں سے تنہائی میں اللہ کے ذکر اور اس کی عظمت و ہیبت کے تصور سے آنسو جاری ہوجائیں۔ 2. عدل و انصاف کرنے والا حاکم۔ 3. جوانی کی عمر میں عبادت کرنے والا۔ 4. جس کا دل ہر وقت مسجد سے جڑا ہوا ہو۔ 5. صدقہ خالص اللہ کی رضا کے لیے کرنے والا۔ 6. اللہ کے لیے کسی سے محبت کرنے والا۔ 7. خوبصورت اور حسب و نسب والی عورت جس نوجوان کو برائی کی دعوت دے تو وہ اللہ سے ڈرتا ہوا کہے کہ میں اللہ سے ڈرتا ہوں۔‘‘[1] بہر حال اپنے دل میں اللہ کا خوف پیدا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے جس کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ قرآنِ مجید کی تلاوت غور و تدبّر سے کی جائے، اس کے معانی و مطالب کو سمجھا جائے اور اللہ کی عظمت و جلالت کو قلب و ذہن میں مستحضر کیا جائے۔ 11. روزہ قیامت کے دن روزے دار کا سفارشی ہوگا: حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’روزہ اور قرآن قیامت کے دن بندے کے لیے سفارش کریں گے۔ روزہ کہے گا: اے میرے رب! میں نے تیرے اس بندے کو کھانے پینے اور اپنی خواہشات (پوری کرنے) سے روکے رکھا، لہٰذا اس کے بارے میں میری سفارش قبول فرما۔ اسی طرح قرآنِ پاک بھی کہے گا: ’’اے میرے رب! میں نے اس بندے کو رات (قیام کے لیے) سونے سے روکے رکھا، لہٰذا اس کے لیے میری سفارش قبول فرما۔ چنانچہ دونوں کی سفارش قبول کی جائے گی۔‘‘[2]
Flag Counter