Maktaba Wahhabi

84 - 611
اپنے بندوں میں سے جس پر چاہتا ہے۔ یہ احسان فرماتا ہے اور اپنی مخلوق میں سے جسے چاہتا ہے، اس منصب کے لیے منتخب فر مالیتا ہے۔ انتخاب کرنے کا یہ اختیار اللہ کے سوا کسی اور کو حاصل نہیں ہے۔ ارشاد ِربانی ہے: {اَللّٰہُ یَصْطَفِیْ مِنَ الْمَلٰٓئِکَۃِ رُسُلًا وَّ مِنَ النَّاسِ اِنَّ اللّٰہَ سَمِیْعٌم بَصِیْرٌ}[الحج: ۷۵] ’’فرشتوں میں سے اور انسانوں میں سے پیغام پہنچانے والوں کو اللہ چن لیتا ہے، بے شک اللہ تعالیٰ خوب سننے والا، دیکھنے والا ہے۔‘‘ البتہ جہاں تک احکام وفرائض کی بات ہے تو بعض امتوں پر جو صوم و صلات فرض کی گئی تھی، وہ دوسری امتوں پر فرض نہیں کی گئی اور بعض امتوںپر جو چیزیں حرام تھیں دوسری امتوں پر حرام نہیں تھیں، یہ فرق امتحان وآزمایش تھا جیسا کہ سورت ملک (آیت: ۲) میں فرمانِ الٰہی ہے: {اَلَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَالْحَیٰوۃَ لِیَبْلُوَکُمْ اَیُّکُمْ اَحْسَنُ عَمَلًا وَّھُوَ الْعَزِیْزُ الْغَفُوْرُ} ’’جس نے موت اور زندگی (دونوں) کو اس لیے پیدا کیا تاکہ تم کو آزما کر دیکھے کہ کون تم میں اچھے کام کرتا ہے (اور کون برے) اور وہ زبردست ہے بخشنے والا۔‘‘ پس جس نے ان کی دعوت پر لبیک کہا، وہ سعادت مند اور فائز المرام ہوا اور جس نے ان کی مخالفت کی، ناکامی اور حسرت اس کا مقدر بنی۔ انبیا و رسل علیہم السلام کی تعداد اور سب سے افضل رسول: جن رسولوں کے اسماے گرامی اور ان کے واقعات قرآنِ کریم میں بیان کیے گئے ہیں، ان کی تعداد پچیس ہے: 1آدم۔ 2ادریس۔ 3نوح۔ 4ہود۔ 5صالح۔ 6ابراہیم۔ 7لوط۔ 8اسماعیل۔ 9اسحاق۔ 10.یعقوب۔ 11.یوسف۔ 12.ایوب۔ 13.شعیب۔ 14.موسی۔15.ہارون۔ 16.یونس۔ 17.داود۔ 18.سلیمان۔ 19.الیاس۔20.یسع۔ 21.زکریا۔ 22.یحییٰ۔ 23.عیسیٰ۔ 24.ذو الکفل۔ 25.محمد۔ صلوات اﷲ وسلامہ علیہ وعلیہم أجمعین۔ جن انبیا ورسل کے نام اور واقعات قرآنِ کریم میں بیان نہیں کیے گئے، ان کی تعداد کتنی ہے؟
Flag Counter