Maktaba Wahhabi

105 - 130
راہوں میں ڈیرہ ڈالنا : خواہ مخواہ راہ میں بیٹھ کر لوگوں کو ان کی جان ومال میں تکلیف دینا یہ بھی راہزنی ہے ۔ سوچئے کہ بلا مقصد راہ میں بیٹھنا، ہر آنے جانے والے کو تکتے رہنا، لوگوں پر پھبتیاں کسنا ،ہلڑ بازی ، ہنگامہ آرائی کون سا شریف آدمی اچھا سمجھتا ہے ۔اور پھر اس دور میں جب فتنہ عام ہو، یہ اور بھی بڑی مصیبت ہے ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس انسان پر لعنت کی ہے ، جو راہ میں بیٹھ کرلوگوں کو تکلیف دے ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ جس نے مسلمانوں کو ان کے راستے میں تکلیف دی ، اس پر ان کی طرف سے لعنت واجب ہوگئی۔‘‘ (الترغیب وترہیب /حسن ) اگر راہ میں بیٹھنا ہی ہو ، تو پھر اس بیٹھنے کا حق ادا کیا جائے ۔وہ حق یہ ہے : ’’ حرام کام سے اپنی نظر کو بچاکر رکھے۔لوگوں کو تکلیف نہ دی جائے ؛ ہر سلام کرنے والے کو جواب دیا جائے؛ برا کام کرنے والے کو منع کیا جائے ، اور نیکی کا حکم دیا جائے ؛ گم راہ کو راہ دکھائی جائے؛ پریشان حال کی مدد کی جائے؛ منزل کے متلاشی کو اس کی منزل کا پتہ بتایا جائے۔‘‘ اور ایسے بیٹھنے میں برے لوگوں کی صحبت سے اجتناب کیا جائے،کیونکہ کسی وقت یہ بری صحبت آپ کے اخلاق اور دین پر بھی اثر انداز ہوسکتی ہے ۔
Flag Counter