Maktaba Wahhabi

221 - 393
اسے بعض حقوق عطا کیے، یہ صورتیں حسب ذیل ہوسکتی ہیں: ا۔ شوہر کا غیر معین مدت تک غائب رہنا ب۔ مفقود کی بیوی ج۔ طلاق کی مدت کی تحدید د۔ ایلاء کی مدت کی تحدید ھ۔ حکم ظہار کی قانون سازی اللہ تعالیٰ کے حکم کے ساتھ ان میں سے ہر صورت کو ہم مناسب تفصیل کے ساتھ الگ الگ مبحث میں بیان کریں گے۔ مبحث اوّل شوہر کا غیر معین مدت تک غائب رہنا ۲۔ طویل مدت تک غائب رہنے کی شوہر کو ممانعت: بہت سے شوہر اپنی بیویوں کے حوالہ سے اپنی ذمہ داریوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنے شہر چھوڑ دیتے اور پھر طویل مدت بعد واپس آتے ہیں اور اپنی بیویوں کو اس طرح معلق چھوڑدیتے ہیں کہ وہ شوہروں والیاں نہیں کہ حقوق زوجیت سے مستفید ہوسکیں اور نہ وہ بے شوہر ہیں کہ دوسروں سے شادیاں کرلیں اور ظاہر ہے کہ اس صورت میں ان کی حق تلفی ہے، اسی لیے فقہاء نے واضح فرمایا ہے کہ شوہر کے لیے یہ جائز نہیں کہ وہ کسی عذر کے بغیر غیر محدود مدت تک اپنے اہل سے غائب رہے، انھوں نے اس سلسلہ میں حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے قصہ سے استدلال کیا ہے کہ جب شام ہوجاتی تو وہ اپنا درّہ پکڑ کر مدینہ میں چکر لگانا شروع کردیتے اور اگر کوئی منکر بات دیکھتے تو اس کی تردید فرمادیتے۔ ایک رات وہ بھیس بدل کر مدینہ منورہ کی گلیوں بازاروں
Flag Counter