Maktaba Wahhabi

321 - 393
مبحث ہفتم حدود کی قانون سازی اور ان کی علانیہ تنفیذ ۲۰۔ شرعی سند ۲۱۔ حدود کی علانیہ تنفیذ میں حکمت۔ ۲۰۔ شرعی سند: گناہوں میں وقتی طور پر لذت ہے، جس کی وجہ سے بہت سے مریض نفوس ان میں رغبت رکھتے ہیں، اس اور اس کے علاوہ دیگر اسباب کی وجہ سے گناہوں کے ارتکاب کرنے والوں کے لیے اللہ سبحانہ وتعالیٰ نے حدود کو مقرر فرمادیا ہے کیونکہ یہ گناہوں سے روکنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہیں۔ امام ابن ماجہ نے ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ وہ حد جس پر زمین میں عمل کیا جائے، اہل زمین کے لیے وہ چالیس بارشوں سے بہتر ہے۔[1] علامہ طیبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ یہ اس لیے کہ حدود کو قائم کرنا لوگوں کو گناہوں سے بچانے اور آسمان کے دروازوں کو کھولنے کا سبب ہے اور انھیں نافذ نہ کرنے اور اس بارے میں سستی کرنے میں انھیں گناہوں میں مبتلا ہونے کا موقعہ فراہم کرنا ہے اور گناہوں کا ارتکاب قحط سالی اور مخلوق کی تباہی و بربادی کا سبب ہے۔ [2]
Flag Counter