Maktaba Wahhabi

انسانیت موت کے دروازے پر

مؤلف: مولانا ابو الکلام آزاد

ناشر: ادارہ اسلامیات ،لاہور

سال شائع: 1990

مکہ میں بیٹھ کر خارجیوں نے سازش کی۔ تین آدمیوں نے بیڑا اٹھایا کہ پوری تاریخ اسلام بدل دیں گے اور انہوں نے بدل دی۔ عمرو بن بکر تمیمی نے کہا:میں حاکم مصر عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو قتل کر دوں گا کیونکہ وہ فتنہ کی متحرک روح ہے۔ برک بن عبداللہ نے کہا:”میں معاویہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بن ابی سفیان کو قتل کر دوں گا کیونکہ اس نے مصر میں قیصریت قائم کی ہے۔ ‘‘ ایک لمحہ کے لئے خاموشی چھا گئی۔ علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ ابن ابی طالب کے نام سے دل تھراتے تھے۔ بالآخر عبدالرحمن بن ملجم مرادی نے مہرسکوت توڑی، میں علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو قتل کر دوں گا۔ ان ہولناک مہموں کے لئے 17 رمضان کی تاریخ مقرر کی گئی۔ پہلے دو شخص اپنی مہم میں ناکام رہے لیکن عبدالرحمن ملجم کامیاب ہو گیا۔ اس اجمال کی تفصیل حسب ذیل ہے۔ مکہ سے چل کر عبدالرحمن کوفہ پہنچا۔ یہاں بھی خوارج کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ عبدالرحمن ان کے ہاں آتا جاتا تھا۔ ایک دن قبیلہ تیم الرباب کے بعض خارجیوں سے اس کی ملاقات ہو گئی۔ انہی میں ایک خوبصورت عورت قطام بنت ثحنہ بن عدی بن عامر بھی تھی۔ عبدالرحمن اس پر عاشق ہو گیا۔ سنگدل نازنین نے کہا:”میرے وصل کی شرط یہ ہے کہ جو مہر میں طلب کروں، وہ ادا کرو”ابن ملجم راضی ہو گیا۔ قطام نے اپنا مہر یہ بتلایا: ”تین ہزار درہم، ایک غلام، ایک کنیز اور علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا قتل۔ ‘‘ عبدالرحمن نے کہا:”منظور، مگر علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو کیوں کر قتل کروں ؟‘‘
x
صفحہعنوان
5نقش آغاز
8رحلت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم
41وفات صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ
52شہادت فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ
70شہادت عثمانی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
98شہادت علی مرتضی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
114شہادت حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ
186عمرو بن العاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ
193حجاج بن یوسف
201معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ تعالیٰ عنہ
210خبیب بن عدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ
217عبداللہ ذوالبجادین رضی اللہ تعالیٰ عنہ
223عبداللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ
234عمر بن عبدالعزیز رحمۃ اللہ علیہ
Flag Counter