کلمۂمؤلفحدیث نمبر 0
بِسْـمِ اللّٰـہِ الرَّحْمٰـنِ الرَّحِیـمِ الحمد لله على نعمه الظاهرة والباطنة، قديما وحديثا. والصلاة والسلام على نبيه ورسوله محمد وآله وصحبه الذين ساروا في نصرة دينه سيرا حثيثا، وعلى أتباعهم الذين ورثوا علمهم، والعلماء ورثة الأنبياء أكرم بهم وارثا وموروثا. أما بعد. فهذا مختصر يشمل على أصول الأدلة الحديثية للأحكام، حررته تحريرا بالغا ليصير من يحفظه من بين أقرانه نابغًا، ويستعين به الطالب المبتدئ، ولا يستغني عنه الراغب المنتهي. وقد بينت عقب كل حديث من أخرجه من الأئمة لإرادة نصح الأمة. فالمراد بالسبعة: أحمد والبخاري ومسلم وأبو داود والترمذي والنسائي وابن ماجة، وبالستة مَن عدا أحمد، وبالخمسة من عدا البخاري ومسلم. وقد أقول الأربعة وأحمد، وبالأربعة من عدا الثلاثة الأول، وبالثلاثة من عداهم وعدا الأخير، وبالمتفق: البخاري ومسلم، وقد لا أذكر معهما، وما عدا ذلك فهو مبين. وسميته ((بُلُوغُ الْمَرَامِ مِنْ أَدِلَّةِ الْأَحْكَامِ))، والله أسأله أن لا يجعل ما علمناه علينا وبالًا، وأن يرزقنا العمل بما يرضيه سبحانه وتعالى.
ظاہری و باطنی‘ قدیم و جدید انعامات و احسانات کی بنا پر تعریف صرف اللہ تعالیٰ ہی کا حق ہے۔ اور درود و سلام نازل ہوں اس کے نبی اور رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اوران کی آل اور ان کے اصحاب رضی اللہ عنہم پر‘ جنھوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے دین کی نصرت و اشاعت کے لیے اپنی پوری تندہی اور برق رفتاری کا مظاہرہ کیا۔ اور تابعین کرام رحمہم اللہ پر‘ جو علم نبوت کے وارث ہوئے۔ اور حقیقت بھی یہی ہے کہ علماء ہی انبیائے کرام علیہم السلام کے وارث ہوتے ہیں۔ کیا خوب ہیں یہ وارث اور کتنا عمدہ ہے یہ ورثہ! حمدو صلاۃ کے بعد عرض ہے کہ یہ ایک مختصر کتاب ہے جو احکام شرعیہ کی احادیث اور دلائل کے اصولوں پر مشتمل ہے‘ یعنی احادیث میں جو احکام شرعیہ وارد ہوئے ہیں ان کے بنیادی دلائل پر مشتمل ہے۔ میں نے اس کی تنقیح و تہذیب میں بڑی جانفشانی اور تندہی سے کام لیا ہے تاکہ اسے یاد کرنے والا اپنے ساتھیوں میں بڑی شان والا بن جائے‘ مبتدی طالب علم اس کے ذریعے سے مدد حاصل کرے اور منتہی شوقین بھی اس کی اہمیت و ضرورت سے مستغنی نہ رہے۔ (یہ کتاب مبتدی اور منتہی دونوں کے لیے یکساں مفید ہے۔) میں نے امت کی خیرخواہی کے لیے ہر حدیث نقل کرنے کے بعد اس محدث کا نام بھی بیان کر دیا ہے جس نے اس حدیث کو روایت کیا ہے‘ چنانچہ جہاں میں نے [أَخْرَجَہُ السَّبْعَۃُ] تحریر کیا ہے اس سے میری مراد احمد‘ بخاری‘ مسلم‘ ابوداود‘نسائی‘ ترمذی اور ابن ماجہ رحمہم اللہ ہیں۔ اور [أَخْرََجَہُ السِّتَّۃُ] سے امام احمد رحمہ اللہ کے سوا باقی ائمہ مراد ہیں۔ اور [أَخْرَجَہُ الْخَمْسَۃُ] سے بخاری و مسلم رحمہما اللہ کے سوا باقی پانچ ائمہ مراد ہیں۔ اور کبھی میں [أَخْـرَجَــہُ الْخَمْسَــۃُ]کی بجائے [اَلْأَرْبَعَــۃُ وَأَحْمَدُ] کہتا ہوں۔ اور [أَخْرَجَہُ الْأَرْبَعَۃُ] سے پہلے تین (احمد‘ بخاری اور مسلم رحمہم اللہ ) کے سوا باقی ائمہ مراد ہوتے ہیں۔ اور [أَخْرَجَہُ الثَّلاَ ثَۃُ] سے پہلے تین اور آخری کے سوا بقیہ تین امام مراد ہیں (ابوداود‘ نسائی‘ ترمذی رحمہم اللہ ۔) اور [مُتَّفَقٌ عَلَیْہِ] سے مراد بخاری اور مسلم رحمہما اللہ ہیں۔ اور بسا اوقات میں بخاری و مسلم کے ساتھ دیگر ائمہ کا ذکر چھوڑ دیتا ہوں۔ مذکورہ بالا ائمہ کے علاوہ باقی تمام ائمہ کا ذکر نمایاں طور پر کر دیا گیا ہے۔ اور میں نے اس مختصر کتاب کا نام [بُلُوغُ الْمَرَامِ مِنْ أَدِلَّۃِ الْأَحْکَامِ] تجویز کیا ہے۔ آخر میں رب کائنات ہی کے حضور دست بدعا ہوں کہ وہ ہمارے علم کو ہمارے لیے وبال نہ بنائے بلکہ اپنے پسندیدہ اور محبوب عمل کی توفیق سے نوازے۔ آمین۔