مترجم: ابو عبداللہ عنایت اللہ بن حفیظ اللہ سنابلی مدنی
533
3- مصیبت کے ساتھ دعاء کے تین مراتب ہیں:(1)یہ کہ دعا مصیبت سے زیادہ طاقتور ہو تو اسے دور ہٹا دے۔(2)یہ کہ دعاء مصیبت سے کمزور تر ہو تو مصیبت دعاء پر غالب آجائے اور بندہ اس مصیبت سے دو چار ہو جائے،لیکن کبھی کمزور ہونے کے باوجود بھی دعاء اس مصیبت کو ہلکا کردیتی ہے۔(3)یہ کہ دونوں میں پنجہ آزمائی ہو،اور دونوں میں سے ہر ایک دوسرے کو روکنے کی کوشش کرے [1]۔چنانچہ عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے،وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے ارشاد فرمایا:’’الدعاء ینفع مما نزل ومما لم ینزل،فعلیکم عباد اللّٰه بالدعائ‘‘[2]۔دعاء نازل شدہ اور متوقع النزول ہر دو مصیبتوں میں مفید ہے،لہٰذا اے اللہ کے بندو اللہ سے دعاء کیاکرو۔اور سلمان فارسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے،وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’لا یرد القضاء إلا الدعائ،ولا یزید في العمر إلا الـــبـــر‘‘[3]۔قضا و قدر کو دعاء ہی ٹال سکتی ہے،اور عمر میں نیکی سے ہی اضافہ ہو سکتا ہے۔4- دعاء میں الحاح و زاری سب سے نفع بخش علاج ہے،چنانچہ سچا مسلمان دعا پر پل پڑتا ہے ‘ اس کا التزام اور اس کی پابندی کرتا ہے،اور قبولیت کے اوقات میں اسے دوہراتا ہے‘ یہ دعا کی قبولیت سے سرفرازی کا سب سے عظیم سبب ہے[4]۔