Maktaba Wahhabi

103 - 373
یادرکھیے! بعض لوگوں نے نیت کے بارے میں ایسی بدعات جاری کرلی ہیں جن کی دلیل اللہ تعالیٰ نے نازل نہیں فرمائی۔ایک شخص زبان سے نماز کی نیت کرتاہے،مثلاً:نماز ظہرادا کرتے وقت کہتا ہے: "چاررکعات،فرض اللہ تعالیٰ کےنماز ظہرمنہ طرف قبلہ شریف کےپیچھے اس امام کے۔"اس قسم کے الفاظ وکلمات اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں کہے اور نہ سراً یا جہراً الفاظ کے ساتھ نیت کرنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے اور نہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کا حکم دیا۔ شیخ الاسلام ابن تیمیہ رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:"ائمہ کا اس بات پر اتفاق ہے کہ نیت کے کلمات"بلندآواز"سے کہنا اور انھیں دہرانا قطعاً جائز نہیں۔جو شخص ان کلمات کو بلندآواز سے کہے اور ساتھ والے نمازی کے لیے تکلیف وتشویش کاباعث ہوتو اسے حقیقت مسئلہ سمجھا دیا جائے،اگر باز نہ آئے تو تادیب کے طور پر وہ سزا کامستحق ہے۔" پھر آگے چل کر شیخ الاسلام رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:"بعض متاخرین نے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا یہ قول کہ"نماز سے پہلے زبان سے بولنا ضروری ہے۔"زبان سے نیت کرنے کے لیے دلیل قراردیاہے۔حالانکہ یہاں امام موصوف کا مطلب یہ ہے کہ تکبیر تحریمہ کے کلمات زبان سے اداکیے جائیں۔یہ مطلب نہیں کہ نیت کےکلمات زبان سے اداکیے جائیں۔ایسا سمجھنے والےحضرات غلطی پر ہیں۔اکثر شوافع نے امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کی بات کا یہ مفہوم غلط قراردیاہے۔"[1] نیت کو کلمات کی صورت میں زبان سے ادا کرنا نہ صرف بدعت ہے بلکہ ریاکاری بھی ہے کیونکہ عبادت کا مقصد یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کے لیے عمل میں اخلاص ہو اور جس حد تک ممکن ہو مخفی رہے الا یہ کہ اس کے اظہار پرواضح دلیل مل جائے تو وہ جائز ہے۔ ہرمسلمان کے لائق اورزیباہے کہ وہ حدود شرعیہ سے واقف ہو۔سنت نبوی کا عامل ہو اور ہرقسم کی بدعت سے اجتناب کرنے والا بلکہ نفرت رکھنے والا ہو۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ سب کو ایسے اعمال کی توفیق دے جو اس کے ہاں محبوب اور پسندیدہ ہوں۔ارشاد الٰہی ہے: "قُلْ أَتُعَلِّمُونَ اللّٰهَ بِدِينِكُمْ وَاللّٰهُ يَعْلَمُ مَا فِي السَّمَاوَاتِ وَمَا فِي الْأَرْضِ ۚ وَاللّٰهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيمٌ" "کہہ دیجئے! کہ کیا تم اللہ تعالیٰ کو اپنی دینداری سے آگاه کر رہے ہو، اللہ ہر اس چیز سے جو آسمانوں میں اور زمین میں ہے بخوبی آگاه ہے۔ اور اللہ ہر چیز کا جاننے والا ہے"[2] اللہ تعالیٰ دلوں کی نیتوں اور ان کے مقاصد سے خوب واقف ہے۔اسے نماز اور دیگر عبادات زبان سے بتانے کی ضرورت وحاجت نہیں۔
Flag Counter