Maktaba Wahhabi

33 - 181
سیرت سیّد الجنّۃ والبشر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سوالات و جوابات کی روشنی میں س:۱… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد(محترم)کا نام کیا تھا اور جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد فوت ہوئے تو آپ کی عمر اُس وقت کتنی تھی؟ ج:۲… نبی مکرم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے والد کا نام عبداللہ تھا، اور جب وہ فوت ہوئے تو اُس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی اماں جان کے بطن میں بحالت حمل تھے۔ س:۲… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ ماجدہ کا نام کیا تھا؟ اور جب وہ فوت ہوئیں تو اُس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر کتنی تھی اور یہ کہ آپ کی والدہ کی وفات کہاں ہوئی تھی؟ ج:۲… نبی معظم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی والدہ کا نام آمنہ بنت وہب تھا اور آپ قبیلہ بنو زہرہ سے تعلق رکھتی تھیں۔ جب رسول اللہ محمد بن عبداللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر چھ سال کو پہنچی تو وہ فوت ہوگئیں اور اُن کی وفات مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان ’’ ابواء ‘‘ نامی مقام پر ہوئی تھی۔ س:۳… رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا متفق علیہ حسب و نسب بیان کریں اور یہ بتلائیے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا تعلق کس قبیلے سے تھا؟ ج:۳… نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم محمد رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا متفق علیہ نسب یوں ہے: محمد بن عبداللّٰہ بن عبدالمطلب بن ہاشم بن عبد مناف بن قصي بن کلاب بن مرۃ بن کعب بن لؤي بن غالب بن فھر بن مالک بن النضر بن کنانۃ بن خزیمۃ بن مدرکۃ بن إلیاس بن مضر بن نزار بن معد بن عدنان۔
Flag Counter