Maktaba Wahhabi

66 - 99
مسئلہ 159 میت کو پاؤں کی طرف سے قبر میں اتارنا سنت ہے۔ عَنْ اَبِیْ اِسْحَاقٍ رَحِمَہُ اللّٰہُ قَالَ : اَوْصٰی الْحَارِثُ رضی اللّٰه عنہ اَنْ یُصَلِّیَ عَلَیْہِ عَبْدُ اللّٰہِ بْنُ یَزِیْدَ رضی اللّٰه عنہ فَصَلّٰی عَلَیْہِ ثُمَّ اَدْخَلَہُ الْقَبْرَ مِنْ قَبْلِ رِجْلَی الْقَبْرَ وَ قَالَ : ہٰذَا مِنَ السُّنَّۃِ ۔رَوُاہُ اَبُوْدَاؤٗدَ[1] (صحیح) حضرت ابو اسحق رحمۃ اللہ علیہ سے روایت ہے ، حضرت حارث رضی اللہ عنہ نے وصیت کی تھی کہ ان کی نماز جنازہ حضرت عبداللہ بن یزید رضی اللہ عنہ پڑھائیں، چنانچہ حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ نے ان کی نماز جنازہ پڑھائی اور قبر میں پاؤں کی طرف سے اتارا اور فرمایا’’ یہ سنت ہے۔‘‘اسے ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 160 قریب ترین عزیز کو میت قبر میں اتارنی چاہئے۔ وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر91کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ مسئلہ 161 خاوند اپنی بیوی کی میت کو قبرمیں اتار سکتا ہے۔ وضاحت : حدیث مسئلہ نمبر100کے تحت ملاحظہ فرمائیں۔ مسئلہ 162 میت قبر میں رکھتے وقت درج ذیل دعا پڑھنی مسنون ہے۔ عَنِ ابْنِ عُمَرَ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا اَنَّ النَّبِیَّ صلي اللّٰه عليه وسلم کَانَ اِذَا اُدْخِلَ الْمَیِّتُ الْقَبْرَ ، قَالَ ((بِسْمِ اللّٰہِ وَ عَلٰی مِلَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم )) وَ فِیْ رِوَایَۃٍ ((وَ عَلٰی سُنَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم )) رَوَاہُ اَحْمَدُ وَالتِّرْمِذِیُّ وَ ابْنُ مَاجَۃَ[2] (صحیح) حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میت کو قبر میں اتارتے وقت یہ دعا پڑھتے ’’اللہ کے نام سے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے طریقے پر میں اسے قبر میں اتارتا ہوں۔‘‘ ایک دوسری روایت میں ’’مِلَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ کی بجائے سُنَّۃِ رَسُوْلِ اللّٰہِ کے الفاظ ہیں۔‘‘اسے احمد ، ترمذی اور ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 163 قبرپر تین مٹھی مٹی ڈالنا سنت ہے۔ عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم صَلّٰی عَلٰی جَنَازَۃٍ ثُمَّ أَتٰی قَبْرَ الْمَیِّتِ فَحَثٰی عَلَیْہِ مِنْ قِبَلِ رَأْسِہٖ ثَلاَ ثًا۔ رَوَاہُ ابْنُ مَاجَۃَ [3] (صحیح) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک جنازہ پر نماز پڑھی ، پھر میت کی قبر پر تشریف لائے اور سر کی طرف سے تین مٹھی مٹی قبر پر ڈالی ۔ اسے ابن ماجہ نے روایت کیا ہے۔
Flag Counter