Maktaba Wahhabi

102 - 2029
غیبت ،کینہ اور عداوت پیدا کرنے کا سبب ہے السلام علیکم ورحمة اللہ وبرکاتہ بعض لوگ ۔۔۔ اللہ تعالی انہیں ہدایت عطا فرمائے ۔۔۔غیبت کو گناہ یاحرام نہیں سمجھتے اوربعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ اگر اس انسان میں وہ برائی موجود ہو جس کا آپ ذکر کر رہے ہیں تو پھر اس کی غیبت حرام نہیں ہے ۔ اور یہ لوگ اس بارےمیں احادیث مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے تجاہل سےکام لیتے ہیں ، امید ہے آنجناب اس مسئلہ کی وضاحت فرمائیں گے ۔ جزاکم اللہ خیرا ؟ الجواب بعون الوہاب بشرط صحة السؤال وعلیکم السلام ورحمة اللہ وبرکاتہ! الحمد للہ، والصلاة والسلام علیٰ رسول اللہ، أما بعد! غیبت حرام اورکبیرہ گناہ ہے،خواہ عیب اس شخص میں موجود ہو یا نہ ہو ،کیونکہ حدیث سے یہ ثابت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے جب غیت کےبارے میں پوچھا گیا تو آپ نے فرمایا : «ذِکْرُکَ أَخَاکَ بِمَا یَکْرَہُ» قِیلَ أَفَرَأَیْتَ إِنْ کَانَ فِی أَخِی مَا أَقُولُ؟ قَالَ: «إِنْ کَانَ فِیہِ مَا تَقُولُ، فَقَدِ اغْتَبْتَہُ، وَإِنْ لَمْ یَکُنْ فِیہِ فَقَدْ بَہَتَّہُ»  (صحیح مسلم ،البر والصلة، باب تحریم الغیبة: 2589 ) ’’ تمہارے بھائی کا اس طرح ذکر کرنا جسے و ہ ناپسند کرے ۔‘‘ عرض کیاگیا :اگر میرے بھائی میں وہ عیب موجود ہو ،جسےمیں بیان کررہا ہوں؟ آپ نےفرمایا : اگر اس میں یہ خرابی موجود ہے ، جو تم کہہ رہے ہو تو تم نے اس کی غیبت کی اور اگر یہ اس میں موجود نہیں ہے توتم نے اس پر بہتا ن باندھا ہے۔‘‘ حدیث سےیہ بھی ثابت ہے کہ ’’جب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے شب معراج کچھ ایسےلوگوں کو  دیکھا جس کے پیتل کے ناخن تھےوہ ان سے اپنے چہروں اور سینوں کو زخمی کررہےتھے ،آپ نے ان لوگوں کے بارے میں پوچھا تو آپ کیخدمت میں عرض کیا گیا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو لوگوں کے گوشت کو کھایا کرتے تھے ،اور ان کی عزتوں کو پاما ل کرتے تھے ۔‘‘(سنن ابی داؤد ، الادب باب فی الغیبۃ ، حدیث 4878) ﴿یـٰأَیُّہَا الَّذینَ ءامَنُوا اجتَنِبوا کَثیرً‌ا مِنَ الظَّنِّ إِنَّ بَعضَ الظَّنِّ إِثمٌ ۖ وَلا تَجَسَّسوا وَلا یَغتَب بَعضُکُم بَعضًا ۚ أَیُحِبُّ أَحَدُکُم أَن یَأکُلَ لَحمَ أَخیہِ مَیتًا فَکَرِ‌ہتُموہُ ۚ وَاتَّقُوا اللَّہَ ۚ إِنَّ اللَّہَ تَوّابٌ رَ‌حیمٌ ﴿١٢﴾... سورة الحجرات اے اہل ایمان ! بہت گمان کرنے سے احتراز کرو بلا شبہ بعض گمان گناہ ہیں اورایک دوسرے کے حال کا تجسس نہ کیا کرو اورنہ کوئی کسی کی غیبت کرے ۔ کیا تم میں سے کوئی شخص اسبات کو پسند کرے گاکہ اپنے مرے ہوئے بھائی کا گوشت کھائے؟اس سے تو تم ضرورو نفرت کرو گے ۔ (توغیبت نہ کرو) اور اللہ کاڈر رکھو،بے شک اللہ توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے ۔‘‘ لہذا ہر مسلمان مرد  اور عورت پر واجب ہے کہ وہ غیبت سے اجتناب کرے اور اللہ سبحانہ وعالی اوراس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت بجالاتے ہوئے اسے ترک کرنے کی دوسروں کو بھی وصیت کرے ۔ مسلمان کو اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ وہ اپنے مسلمانت بھائی کی پردہ پوشی کرے اوران کےعیوب ونقائص کو دوسروں کےسامنے ظاہر نہ کرے کیونکہ غیبت معاشرے میں کینہ ،عداوت اورانتشار پیدا کرنے کاسبب ہے ۔ اللہ تعالی تمام مسلمانوں کوہر قسم کی نیکی کی توفیق عطا فرمائے ھذا ما عندی واللہ اعلم بالصواب فتاویٰ اسلامیہ ج4ص473
Flag Counter