Maktaba Wahhabi

17 - 90
اس ایڈیشن میں موضوع روایات کو مختلف عنوانات کے تحت افادہ عام کے نقطۂ نظر سے جمع کیا گیا ہے اس ضمن میں ان ساری روایات کا احاطہ نہیں کیا کیا ہے جو وضعی اور جعلی ہیں اور جو بالتفصیل اس فن کی امہات کتب میں جمع کی گئی ہیں۔ بلکہ ان میں سے نسبتاً معروف روایات ہی کا انتخاب کیا گیا ہے وہ رویاات کسی نہ کسی درجہ میں اور کسی نہ کسی طبقہ میں آج بھی معروف ہیں۔ پھر ان روایات پر تبصرہ بھی بالعموم اسی محدث کا ہے جس کی کتاب کا حوالہ روایت کے ذیل میں دیا گیا ہے اور جہاں کوئی تبصرہ نہیں ہے وہ بھی اسی حوالہ کے تحت موضوع ہے، صرف چند مقامات پر میں نے تبصرہ کیا ہے جو واضح ہے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ اب یہ کتاب زیادہ مفید اور بہتر شکل میں سامنے آئے گی اور اردو خواں مسلمانوں کی ایک بڑی دینی ضرورت پوری ہو سکے گی۔ میں نہایت ممنون ہوں پروفیسر فضل الرحمن گنوری، سابق استاذ حدیث جامعۃ الامام محمد بن سعود الریاض و سابق ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی مسلم یونیورسٹی علی گڑھ کا کہ انہوں نے ازراہِ عنایت مسودہ کو شروع سے آخر تک دیکھا، ضروری اصلاح تجویز کی، گراں قدر مشوری دئیے اور پروف بھی دیکھا۔ فجزاہ اللہ احسن الجزائ۔ اللہ کرے کہ یہ تحریر شرفِ قبولیت حاصل کرے اور مصنف و قاری ہر دو کے لئے دنیا اور آخرت میں نفع بخش ثابت ہو۔ ربنا تقبل منا انك انت السميع العليم وتب علينا انك انت التواب الرحيم محمد سعود عالم قاسمی ادارہ تحقیق و تصنیف اسلامی علی گڑھ ۱۴ شعبان المعظم ۱۴۰۹ ھ
Flag Counter