Maktaba Wahhabi

119 - 120
عَنِ الْعِرْبَاضٍ رضی اللّٰہ عنہ قَالَ:قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم((إِیَّاکُمْ وَالْبِدَعِ))رَوَاہُ ابْنُ اَبِیْ عَاصِمٍ فِیْ کِتَابِ السُّنَّۃِ[1] حضرت عرباض رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’لوگو!بدعات سے بچو۔‘‘ اسے ابن ابی عاصم نے کتاب السنہ میں روایت کیا ہے۔ مسئلہ نمبر 74:قیامت کے روز بدعتی حوض ِ کوثر کے پانی سے محروم رہیں گے۔ مسئلہ نمبر 75:قیامت کے روز رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم بدعتیوں سے شدید اظہارِ بیزاری فرمائیں گے۔ عَنْ سَہْلِ بْنِ سَعْدٍ رضی اللّٰہ عنہ قَالَ:قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰہ علیہ وسلم((إِنِّیْ فَرَطُکُمْ عَلَی الْحَوْضِ مَنْ مَرَّ عَلَیَّ شَرَبَ وَ مَنْ شَرَبَ لَمْ یَظْمَأْ اَبَدًا لَیَرَدَنَّ عَلَیَّ اَقْوَامٌ اَعْرَفُہُمْ وَ یَعْرِفُوْنِیْ ثُمَّ یُحَالُ بَیْنِیْ وَ بَیْنَہُمْ فَاَقُوْلُ إِنَّہُمْ مِنِّیْ فَیُقَالُ اِنَّکَ لاَ تَدْرِیْ مَا أَحْدَثُوْا بَعْدَکَ فَأَقُوْلُ سُحْقًا سُحْقًا لِمَنْ غَیَّرَ بَعْدِیْ))۔ مُتَّفَقٌ عَلَیْہِ [2] حضرت سہل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’میں حوضِ کوثر پر تمہارا پیش رَو ہوں گا جو وہاں آئے گا پانی پئے گا او رجس نے ایک بار پی لیا اسے کبھی پیاس نہیں لگے گی ۔ بعض ایسے لوگ بھی آئیں گے جنہیں میں پہچانوں گا(اور سمجھوں گا کہ یہ میرے امتی ہیں)اور وہ بھی مجھے پہچانیں گے کہ میں ان کا رسول ہوں پھر انہیں مجھ پر آنے سے روک دیا جائے گا۔ میں کہوں گا یہ تو میرے امتی ہیں، لیکن مجھے بتایا جائے گا۔’’ اے محمد صلی اللہ علیہ وسلم!آپ نہیں جانتے آپ کے بعد ان لوگوں نے کیسی کیسی بدعتیں رائج کیں۔‘‘ پھر میں کہوں گا ’’دوری ہو، دوری ہو، ایسے لوگوں کے لئے جنہوں نے میرے بعد دین بدل ڈالا۔‘‘ اسے بخاری اور مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ نمبر 76:بدعت جاری کرنے والے پر اللہ تعالیٰ کی، فرشتوں کی اور سارے انسانوں کی لعنت ہے۔
Flag Counter