Maktaba Wahhabi

19 - 114
[عَمَّنْ هَذَا؟]کہ یہ حدیث کس کی روایت کردہ ہے؟میں نے کہا کہ یہ حدیث شہاب بن خراش سے مروی ہے۔ انہوں(ابن مبارک رحمہ اللہ ) نے کہا کہ وہ تو ثقہ ہے، پھر انہوں نے کہا:[عَمَّنْ] انہوں نے کس سے روایت کی ہے ؟میں نے کہا :حجاج بن دینار سے۔ انہوں نے فرمایا : وہ بھی ثقہ ہے۔پھر انہوں نے فرمایا:[عَمَّن] اس نے کس سے روایت کی ہے ؟میں نے کہا : وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ نے فرمایا ۔ ابن مبارک رحمہ اللہ نے فرمایا: [ يا أبا إسحاق، إن بين الحجاج بن دينار وبين النبي صلى الله عليه وسلم مفاوز تنقطع فيها أعناق المطي] ’’ اے ابواسحاق! حجاج(جو تبع تابعی ہیں) اور رسول اللہ ﷺکے درمیان تو اتنا طویل زمانہ ہے جس کو طے کرنے کے لئے اونٹوں کی گردنیں تھک جائیں گی،(تو اس درمیان کے طویل زمانے کو کون پاٹے گا؟ )[1] اب دیکھیں ! ابن مبارک رحمہ اللہ نے اس روایت کا رد سند کے ذریعے سے کیا۔ ابو اسحق، شہاب اور حجاج بن دینار ثقہ تھے ،لیکن ان کی بات کو سند کے نہ ہونے کی وجہ سے قبول نہیں کیا،یہی بات انہوں نے اپنے قول میں کہی کہ یہ سند نہ ہوتی تو جس کا جو دل چاہتا کہہ دیتا،تو یہ سند کا اہتمام ہے،اور اس امت کا اختصاص ہے۔ پھر سند کے حوالے سے صرف یہ اہتمام نہیں ہے کہ بس نا م آگیا ہے اور کافی ہے، مثلاً زہری، یحی بن سعیدوغیرہ کا نام آگیا ہے، صرف نام کی حد تک اہتمام نہیں، بلکہ ان رواۃ کے بارے میں تفصیلی تراجم موجود ہیں کہ کب پیدا ہوئے؟ کہاں کہاں علمی سفر کئے؟ کہاں پڑھا؟ کس حالت میں کس استاد سے علمی سماع کیا ؟جوانی میں حفظ و ضبط کیسا تھا؟ اور بڑھاپے میں متاثر ہوا یا نہیں؟ اورکب فوت ہوا ؟یعنی ان کی زندگی کا بائیو ڈیٹا (Bio Data)کہ اس کی زندگی کے ضروری حصص بھی محفوظ ہوگئے۔ یوں کہنا چاہئے کہ ان محدثین اور رواۃنے نبی کی احادیث مبارکہ کو ہی محفوظ نہیں کیا بلکہ اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے ان کی اس محنت کے نتیجے میں ان کی زندگیوں کو بھی محفوظ کردیا۔
Flag Counter