Maktaba Wahhabi

70 - 90
[اپنے رب کے راستے کی طرف حکمت اور اچھی نصیحت کے ساتھ بلائیے اور ان کے ساتھ سب سے اچھے طریقے کے ساتھ بحث کیجیے۔] مبلغین اسلام کا ایک گروہ وہ ہے ، جو دین کے معلم تھے اور انہوں نے اپنا تمام وقت اور اپنی تمام قوتیں تبلیغ کے لیے وقف کر رکھی تھیں ، لیکن ان کے دوش بدوش اشاعتِ اسلام کی تاریخ میں ہمیں مسلمان معاشرے کے ہر طبقے میں ایسے مردوں اور خواتین کا بھی تذکرہ ملتا ہے، جنہوں نے اپنے مذہب کے پھیلانے میں بڑی جانفشانی سے کوشش کی ہے۔ ان میں بادشاہ سے لے کر کسان تک ہر درجے کے لوگ شامل ہیں ۔ خاص کر مسلمان تاجروں نے اپنے ہم پیشہ عیسائی تاجروں کے برعکس اس کام میں بڑی سرگرمی دکھائی ہے۔ انجمن حمایت اسلام کے ماہوار رسالہ بابت اکتوبر ۱۸۸۹ء میں ہندوستانی مبلغوں کی جو فہرست چھپی تھی ، اس میں ہمیں سکول کے مدرسوں ، سرکاری محکموں کے محرروں اور تاجروں کے نام ملتے ہیں ، جن میں سے ایک صاحب اونٹ گاڑیوں کا کام کرتے تھے۔ ان کے علاوہ ایک اخبار کے ایڈیٹر تھے، ایک جلد ساز تھے اور ایک کسی چھاپہ خانہ کے ملازم تھے۔ یہ لوگ دن بھر کام کرنے کے بعد اپنے فراغت کے اوقات میں شہروں کے گلی کوچوں میں اپنے دین کا وعظ کرتے تھے اور عیسائیوں اور ہندوؤں کے مذہبی عقائد پر جرح و قدح کرکے ان کو مسلمان کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ یہ دلچسپ بات بھی قابل ذکر ہے ، کہ اسلام کی تبلیغ میں صرف مسلمان مردوں ہی نے کوشش نہیں کی ، بلکہ عورتوں نے بھی اس کارِ خیر میں حصہ لیا ہے ، کئی تاتاری شہزادے ایسے گزرے ہیں جنہوں نے اپنی مسلمان بیویوں کی ترغیب سے اسلام قبول کیا۔ غالباً یہی صورت بہت سے بت پرست ترکوں کے ساتھ بھی پیش آئی ، جو اسلامی ملکوں پر یورشیں کرتے تھے۔ [1]
Flag Counter