Maktaba Wahhabi

62 - 677
بن خطاب کے ساتھ( رضی اللہ عنہ )۔ ‘‘ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے ساتھ خصوصی محبت کا بخوبی علم و ادراک تھا۔ اگرچہ عہد نبوی میں اس دعویٰ کے دلائل بے شمار ہیں ، تاہم صرف ایک واقعہ بطورِ مثال پیش کیا جاتا ہے۔ سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ کے عہد خلافت میں جب عراق کی فتح سے حاصل شدہ مالِ غنیمت میں ایک نفیس زیور آیا تو تقسیم غنائم کے وقت سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو یوں مخاطب کیا:’’کیا تمھیں اس کی قیمت کا اندازہ ہے؟ ‘‘ سب نے بیک زبان لا علمی کا اظہار کیا اور نہ انھیں یہ معلوم تھا کہ اسے آپس میں کس طرح تقسیم کریں گے۔ سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ کہنے لگے: ’’کیا تم مجھے اجازت دو گے کہ میں یہ ہار سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی طرف بھیج دوں ، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے ساتھ خصوصی محبت کرتے تھے۔‘‘ سب نے رضا مندی کا اظہار کیا تو سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ نے وہ قیمتی جڑاؤ ہار سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کی خدمت میں پیش کر دیا۔ [1] سیّدنا عمر رضی اللہ عنہ نے تمام امہات المؤمنین کے لیے دس ہزار سالانہ وظیفہ مقرر فرمایا تو سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا کے وظیفہ میں دو ہزار کا اضافہ کر دیا، اور کہنے لگے: ’’بے شک یہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی پیاری بیوی ہیں ۔‘‘ [2] ۳۔المبرأۃ:....پاک دامن، عفیفہ، بریٔ الذمہ۔ یہ لقب انھیں قرآن کریم میں اس بہتان سے برأت نازل ہونے کے بعد ملا جو منافقین نے ان پر تھوپنا چاہا۔ گویا انھیں ساتویں آسمان کے اوپر عرش عظیم کے مالک رب اعظم نے ہر عیب و الزام و بہتان سے مبرّا قرار دیا۔ رضی اللہ عنہا و ارضاھا جب راوی حدیث اور مشہور تابعی مسروق رحمہ اللہ [3]ام المؤمنین سیّدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے رو ایت کرتے تو یوں کہا کرتے: ’’مجھے صدیقہ بنت صدیق، اللہ کے حبیب کی محبوبہ المبرأہ نے یہ حدیث سنائی۔‘‘ [4]
Flag Counter