Maktaba Wahhabi

62 - 131
﴿ لَا يَسْتَوِي الْقَاعِدُونَ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ غَيْرُ أُولِي الضَّرَرِ وَالْمُجَاهِدُونَ فِي سَبِيلِ اللّٰهِ بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنْفُسِهِمْ فَضَّلَ اللّٰهُ الْمُجَاهِدِينَ بِأَمْوَالِهِمْ وَأَنْفُسِهِمْ عَلَى الْقَاعِدِينَ دَرَجَةً ﴾ ’’کسی عذر کے بغیر (پیچھے) بیٹھ رہنے والے مومن اور اللہ کی راہ میں اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ جہاد کرنے والے برابر نہیں ہوسکتے۔ اللہ نے اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ساتھ جہاد کرنے والوں کو( پیچھے) بیٹھ رہنے والوں پر مرتبے میں فضیلت دی ہے۔ ‘‘[1] اس وقت اس آیت میں ﴿ غَيْرُ أُولِي الضَّرَرِ ﴾ (کسی عذر کے بغیر) کے الفاظ نہیں تھے۔ اُنھوں نے رب تعالیٰ کو پکارا: ’’یا رب! تو نے مجھے اِس آزمائش میں ڈالا ہے۔ اب بتا، میں کیا کروں۔‘‘ اس پر آیت کا یہ حصہ نازل ہوا: ﴿ غَيْرُ أُولِي الضَّرَرِ ﴾ ’’کسی عذر کے بغیر ۔‘‘ [2] یوں اللہ تعالیٰ نے اِنھیں اور اِن جیسے دوسرے معذور افراد کو رخصت عطا فرمائی۔ بعد ازاں حضرت ابنِ امّ مکتوم رضی اللہ عنہ نے چاہا کہ وہ بھی جہاد فی سبیل اللہ کا اجروثواب پائیں۔ اِنھوں نے مجاہدین سے کہا کہ اِنھیں بھی محاذِ جنگ پر ساتھ لے جایا جائے۔ چنانچہ وہ اُس لشکر میں شامل تھے جو قادسیہ روانہ ہوا۔ میدانِ جنگ میں پہنچے تو کہنے لگے: ’’اصحابِ محمد! عَلَم مجھے دے دیجیے۔ اندھا آدمی ہوں۔ بھاگ دوڑ نہیں کر پاؤں گا۔ دو صفوں کے درمیان مجھے کھڑا کر دیجیے۔ [3]
Flag Counter