Maktaba Wahhabi

56 - 197
امام ابن حبان نے اس حدیث پر درجِ ذیل عنوان لکھا ہے: (ذِکْرُ نَفْيِ الْحَجِّ وَالْعُمْرَۃِ الذُّنُوْبَ وَالْفَقْرَ مِنَ الْمُسْلِمِ بِہِمَا) [1] ’’حج اور عمرے سے مسلمان کے گناہوں اور فقر کو دور کرنے کا ذکر۔‘‘ علامہ طیبی حدیث کے جملے: (فَإِنَّہُمَا یَنْفِیَانِ الْفَقْرَ وَالذُّنُوْبَ) کی شرح میں لکھتے ہیں: ’’یہ دونوں فقر کو اس طرح دور کرتے ہیں، جس طرح صدقہ مال میں اضافہ کرتا ہے۔‘‘[2] ۲: امام نسائی نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت نقل کی ہے، (کہ) انہوں نے بیان کیا: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تَابِعُوْا بَیْنَ الْحَجِّ وَالْعُمْرَۃِ، فَإِنَّہُمَا یَنْفِیَانِ الْفَقْرَ وَالذُّنُوْبَ کَمَا یَنْفِي الْکِیْرُ خَبَثَ الْحَدِیْدِ۔‘‘[3] ’’حج اور عمرے میں متابعت کرو، کیونکہ وہ دونوں فقر اور گناہوں کو اس طرح دور کرتے ہیں، جس طرح بھٹی لوہے کے میل کچیل کو دور کرتی ہے۔‘‘ اے غربت و افلاس سے نجات حاصل کرنے کے خواہش مندو! اے گناہوں کی معافی کے طلب گارو! حج اور عمرے میں متابعت میں جلدی کرو۔ اگر عمرہ ادا کرچکے ہو، تو حج کی تیاری کا سامان کرو اور اگر حج ادا کرچکے ہو، تو عمرے کی ادائیگی کے لیے کوشش کرو۔ تنبیہ: شدید ازدھام کی صورت میں پہلی دفعہ حج و عمرہ کرنے والوں کے لیے آسانی کی غرض سے (متابعت ) چھوڑنے والے کے متعلق اللہ تعالیٰ سے اُمید ہے، کہ وہ (متابعت) کے اجر و ثواب اور ثمرات سے محروم نہیں رہے گا۔ إن شاء اللہ تعالیٰ۔
Flag Counter