Maktaba Wahhabi

83 - 89
(۱۰) حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما کوئی سنّت بیان کررہے تھے کہ کسی نے کہا:’’ہمیں کتاب اللہ سے کچھ بتائیے۔ تو حضرت عمران رضی الللہ عنہ غضب ناک ہوگئے اور فرمایا: (اِنَّ السُّنَّۃَ ھِیَ تَفْسِیْرُ کِتَابِ اللّٰہِ_ وَلَوْلَاالسُّنَّۃُ لَمْ نَعْرَفْ اَنَّ الظُّھْرَاَرْبَعٌ وَالْمَغْرِبَ ثَلَاثٌ وَالْفَجْرَ رَکْعَتَانِ وَلَمْ نَعْرَفْ اَحْکَامَ الزَّکوٰۃِ) ’’بے شک سنّتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کتابُ اللہ کی تفسیر ہے، اور اگر سنت نہ ہوتی تو ہمیں یہ بھی معلوم نہ ہوپاتا کہ ظہر کے چار، مغرب کے تین اور فجر کے دوفرض ہیں اور نہ ہی ہمیں احکام ِ زکوٰۃ کا پتہ چلتا۔‘‘ ایسے ہی دیگر احکام کی تفصیلات بھی سنّت(حدیث) میں موجود ہیں ۔ تعظیمِ سنّت، اُس پر عمل کے وجوب اور اس کی مخالفت سے تحذیر وتنبیہہ پر دلالت کرنے والے ایسے ہی بے شمارواقعات وقضیے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم سے منقول ہیں ۔ (۱۱) ایسے ہی قضیہ جات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہمانے جب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ حدیث بیان کی: (لاَتَمْنَعُوْااِمَائَ اللّٰہِ مَسَاجِدَاللّٰہِ) ’’اللہ کی بندیوں (عورتوں ) کو اللہ کی مسجدوں میں جانے سے نہ روکو۔‘‘ اس پر اُن کے کسی بیٹے(بلال) نے کہا:اللہ کی قسم! ہم انہیں روکیں گے، تو حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہمااس پر سخت غضب ناک ہوئے، اسے سخت سُست کہااور یہ بھی کہا: ((اَقُوْلُ قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم وَتَقُوْلُ وَاللّٰہِ لَنَمْنَعُھُنَّ)) ’’میں کہہ رہا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا(کہ نہ روکو) اور تم کہتے ہو کہ اللہ کی قسم! ہم انہیں روکیں گے۔‘‘
Flag Counter