Maktaba Wahhabi

94 - 140
شیخین نے لفظ لتربوا (الروم) اور ئَ اذَوْا(الأحزاب) میں اختلافِ مصاحف ذکرکیا ہے اور ان دونوں کلمات میں اثبات الف پر عمل ہے۔ شیخین نے بَنُوٓاْ إِسْرَٰئِ یلَ اور أُوْلُواْ جہاں بھی آئے، میں واؤ متطرفہ کے بعد الف کی زیادتی پر اتفاق کیا ہے۔ شیخین نے فعل مفرد یا اس کے ہم معنی جمع ظاہر کے لام کلمہ میں واقع واؤ متطرفہ کے بعد الف کے زیادہ ہونے پر اتفاق کیا ہے۔ جیسے أَشْکُواْ بَثِّی، فَلَا یَرْبُواْ، وَنَبْلُوَاْ أَخْبَارَکُمْ، لَن نَّدْعُوَاْ، تَتْلُواْ الشَّیَـٰـطِینُ، مگر ایک کلمہ أَن یَعْفُوَ عَنْھُمْ(النساء ) میں الف حذف کیا جاتا ہے، جیسا کہ ذُو میں ہر جگہ محذوف ہے۔ بعض کاتبین مصاحف لُؤْلُؤٌ میں رفعی اور جرّی حالت میں الف زیادہ کرتے ہیں۔ اس کو امام دانی رحمۃ اللہ علیہ نے مدنی مصاحف سے نقل کیا ہے۔ شیخین نے اس مسئلہ پر طویل بحث نقل کی ہے جس کا خلاصہ یہ ہے کہ سورۃ الحج اور سورۃ الانسان میں تمام مصاحف الف کی زیادتی پر متفق ہیں۔ اور سورۃ الفاطر میں مکی بصری اور شامی میں حذف الف ہے۔ سورۃ الرحمن، سورۃ الطور اور سورۃ الواقعہ میں مصاحف مختلف ہیں۔ امام ابوداؤد رحمۃ اللہ علیہ نے سورۃ الطور اور سورۃ الواقعہ میں حذف کو اختیار کیا ہے اور سورۃ الرحمن میں دونوں کو اختیار کیا ہے۔ ان میں عمل حذف پر ہے۔
Flag Counter