حاکم کے احتساب کے اصول اور اس کے مراقبہ سے متعلق امت کے حق کو خلفائے راشدین نے اپنے اقوال و افعال سے ثابت کیا ہے، چنانچہ ابوبکر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:((فَإِنْ أَحْسَنْتُ فَأَعِیْنُوْنِیْ وَ إِنْ أَسَاْتُ فَقُوْمُوْنِیْ۔))[1]’’اگر میں اچھا کروں تو میری مدد کرو، اگر غلط کروں تو تم مجھے سیدھا کرو۔‘‘اور عمر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:((أَحَبُّ النَّاسِ إِلَيَّ مَنْ رَفَعَ إِلَيَّ عُیُوْبِیْ۔)) [2]’’مجھے وہ شخص زیادہ پسندیدہ ہے جو مجھ تک میرے عیوب پہنچاتا ہے۔‘‘نیز فرمایا:((إِنِّیْ أَخَافُ أَنْ أُخْطِیَٔ فَلَایَرُدُّنِیْ أَحَدٌ مِّنْکُمْ تَہَیُّبًا۔)) [3]’’میں اس بات سے ڈرتا ہوں کہ مجھ سے کوئی غلطی ہوجائے تو ڈر کے باعث تم میں سے کوئی مجھے نہ ٹوکے۔‘‘عثمان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں:((إِنْ وَجَدْتُمْ فِیْ کِتَابِ اللّٰہُ أَنْ تَضَعُوْا رِجْلِیْ فِی الْقَیْدِ فَضَعُوْا رِجْلِیْ فِی الْقَیْدِ۔)) [4]’’اگر تم کتاب اللہ میں پاتے ہو کہ تم میرے پاؤں میں بیڑی ڈال دو تو میرے پاؤں میں بیڑی ڈال دو۔‘‘علی رضی اللہ عنہ کا قول ہے:((إِنَّ ہٰذَا أَمْرُکُمْ لَیْسَ لِأَحَدٍ فِیْہِ حَقٌّ إِلَّا مَنْ أَمَرْتُمْ، إِلَّا إِنَّہٗ لَیْسَ لِیْ أَمْرٌ دُوْنَکُمْ))[5]’’بلاشبہ یہ (خلافت) تمھارے حوالے ہے، وہی اس کا مستحق ہوگا تم جس کے حوالے کردو، تمھارے بغیر مجھے خلافت کا کوئی حق نہیں۔‘‘