Maktaba Wahhabi

83 - 352
مصنف رحمہ اللہ ان آیات کو پیش کرکے اللہ تعالیٰ کیلئے صفتِ محبت ومودت کا اثبات کررہے ہیں ،یعنی اللہ تعالیٰ بعض اشخاص، اعمال اور بعض اخلاق سے محبت کرتا ہے ،اوربعض سے محبت نہیں بھی کرتا ۔اس کا یہ محبت کرنا اور نہ کرنا اس کی حکمتِ بالغہ کے عین مطابق ہے ،چنانچہ اللہ تعالیٰ احسان کرنے والوں ،انصاف کرنے والوں ،تقویٰ والوں،اپنے رسول کی اتباع کرنے والوں ، اپنی راہ میں جہاد کرنے والوں،توبہ کرنے والوں اور طہارت وپاکیزگی اختیار کرنے والوں،سب سے محبت کرتا ہے۔ ان آیا ت میں محبت من الجانبین کا بھی اثبات ہے :(یعنی محبت من جانبِ بندہ اور محبت من جانبِ رب تعالیٰ )چنانچہ ان دونوں آیات میں غور کرنے سے یہ نکتہ حاصل ہوتا ہے : ’’یُحِبُّھُمْ وَیُحِبُّوْنَہٗ ‘‘ ’’ اِنْ کُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللّٰه فَاتَّبِعُوْنِیْ یُحْبِبْکُمُ اللّٰه ‘‘ ان آیات میں جہمیہ اور معتزلہ کا رد ہے ،جو محبت من الجانبین کی نفی کرتے ہیں ، ان کا کہنا ہے : لایُحَبُّ ولایُحِبُّ یعنی ’’اللہ تعالیٰ نہ تو محبت کیا جاتا ہے اور نہ ہی کرتا ہے ۔‘‘ بندوں کی اللہ تعالیٰ سے محبت کی تاویل ،عبادت واطاعت سے کرتے ہیں ،اور اللہ تعالیٰ کی بندوں سے محبت کی تاویل، بندوں پر احسان کرنے اور انہیں ان کے اعمال کا ثواب دینے سے کرتے ہیں۔ ان کی یہ تاویل باطل ہے ،کیونکہ اللہ تعالیٰ کی بندوں سے محبت ،اسکی شایانِ شان ، مبنی برحق حقیقت ہے،جس طرح اس کی دیگر صفات ہیں،اوراللہ تعالیٰ کی محبت ومودت بندوں کی محبت ومودت جیسی نہیں ۔
Flag Counter