Maktaba Wahhabi

14 - 243
یہ عالم موجودات کا ایسا معزز و منفرد گروہ تھا کہ انھیں اسلام کی گھٹی دی گئی تھی، ان کے دل منہج اسلام سے اس قدر معمور تھے کہ ان کی زندگی کا ہر لمحہ اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھل گیا۔ اس حصے میں زیادہ تر ہم ایسے لوگوں کے بارے میں بات کریں گے جن کی عقل محو ہو گئی، نصیحت بے فائدہ رہی اور اسباب ہدایت کبھی کام نہ آ سکے۔ یہ گروہ کافروں اور فاسقوں کا تھا جو دینِ الٰہی کی نورانی بارش کے سامنے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے دشمنی کرتے ہوئے دجالی مکر و فریب اور یہودی سازشوں کے ذریعے ریت کا بند باندھنا چاہتا تھا، یہ مکہ کی طاغوتی طاقتوں کا ایک بے ہنگم ہجوم تھا جنھوں نے شیطان کا ساتھ دینے، اس کے وسوسے پالنے اور گمراہی پر تاحیات اڑے رہنے کی قسمیں کھائی تھیں۔ انھوں نے نصیحت پر کان نہ دھرے، ہدایت کو تسلیم نہ کیا، ان کے دل قبول ذکر الٰہی کے لیے مائل نہ ہوئے کیونکہ یہ لوگ دوزخی تھے۔ قرآن کریم نے ان کا بہت سے مقامات پر پیچھا کیا، ان کی حقیقت کو کھولا اور ان کے دل میں چھپی باتوں اور ارادوں کو واضح کر دیا حتی کہ انھیں سخت سزا کے پھندے میں جکڑ دیا۔ ایسے طاغوت ہر دور میں، ہر جگہ پائے جاتے ہیں۔ یہ دعوتِ حق کی راہ میں روڑے اٹکاتے ہیں اور اصلاح کرنے پر جھگڑتے ہیں لیکن اللہ تعالیٰ بھی ایسے ظالموں کی گھات میں ہے ان کی سازشوں کو ناکام بناتا، ان کے مکرو فریب کو دھول بنا کر اڑاتا اور ان پر زمانہ تنگ کر دیتا ہے، با لآخر اللہ تعالیٰ اپنے نور کو ہر طرف پھیلا کر ہی رہتا ہے ہرچند کفار و مشرکین کو یہ کبھی پسند نہیں ہوتا۔
Flag Counter