Maktaba Wahhabi

92 - 114
اسی طرح امام سبکی رحمہ اللہ نے اپنے جزء رفع الیدین میں لکھا ہے : (ذَھَبَ الْأَوْزَاعِيُّ وَالْحُمَیْدِيُّ وَجَمَاعَۃٌ غَیْرُھُمَا اِلیٰ أَنَّہٗ وَاجِبٌ۔۔۔الخ)۔ ‘’امام اوزاعی و حُمیدی اور ان کے علاوہ اہل ِ علم کی ایک جماعت کے نزدیک رفع یدین واجب ہے۔‘‘ وجوب کی دلیل کے طور پر انھوں نے حضرت مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ کی حدیث پیش کی ہے جس میں وہ بتاتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم رفع یدین کیا کرتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اور ان کے ساتھیوں کو فرمایا تھا : (( صَلُّوْا کَمَا رَأَیْتُمُوْنِيْ أُصَلِّيْ ))۔ [1] ’’تم اسی طرح نماز پڑھو،جس طرح نماز پڑھتے تم نے مجھے دیکھا ہے۔‘‘ اِس میں [صَلُّوْا] امر کا صیغہ ہے،جبکہ امر وجوب کے لیٔے ہوتا ہے۔اور تارک ِ رفع یدین کے سلسلہ میں امام اوزاعی وحُمیدی نے بڑے سخت الفاظ کہے ہیں۔ [2] کتاب الام میں امام شافعی رحمہ اللہ فرماتے ہیں : ( لاَیَجُوْزُ لِأَحَدٍ عَلِمَہٗ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ عِنْدِيْ أَنْ یَّتْرُکَ اِلَّاناَسِیاً وَسَاھِیاً)۔ [3] ‘’میرے نزدیک مسلمانوں میں سے کسی کیلئے یہ جائز نہیں کہ وہ رفع یدین کو ترک کرے،سوائے اس کے کہ وہ سہو ونسیان(بھول چوک) سے کبھی اس سے چھوٹ جائے۔‘‘
Flag Counter