Maktaba Wahhabi

122 - 186
مسئلہ 116 سونے کی انگوٹھی پہننے والا مرد اپنے ہاتھ میں آگ کا انگارہ پہنتا ہے۔ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُمَا اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم رَاٰی خَاتَمًا مِنْ ذَہَبٍ فِیْ یَدِ رَجُلٍ فَنَزَعَہٗ فَطَرَحَہٗ وَ قَالَ ((یَعْمِدُ اَحَدُکُمْ اِلٰی جَمْرَۃٍ مِنْ نَارٍ فَیَجْعَلُہَا فِیْ یَدِہٖ )) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[1] حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک مرد کے ہاتھ میں سونے کی انگوٹھی دیکھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے ہاتھ سے وہ انگوٹھی اتاری اور دور پھینک دی پھر فرمایا ’’تم میں سے کوئی شخص آگ کے انگارے ہاتھ میں لینا چاہتاہے اور وہ (سونے کی )انگوٹھی پہن لیتاہے۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 117 ٹخنوں سے نیچے تک پہنا ہوا کپڑا مرد کو جہنم میں لے جائے گا۔ عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ رضی اللّٰه عنہ عَنِ النَّبِیِّ صلی اللّٰه علیہ وسلم قَالَ ((مَا اَسْفَلَ مِنَ الْکَعْبَیْنِ مِنَ الْإِزَارِ فِی النَّارِ )) رَوَاہُ الْبُخَارِیُّ[2] حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو کپڑا ٹخنے سے نیچا ہو وہ دوزخ میں جائے گا ۔‘‘اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔ مسئلہ 118 دوسروں کے مقابلے میں اپنی بڑائی اور فخر جتلانے کی سزا۔ عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَ رضی اللّٰه عنہ اَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم قَالَ (( بَیْنَمَا رَجُلٌ یَتَبَخْتَرُ یَمْشِیْ فِیْ بُرْدَیْہِ قَدْ اَعْجَبَتْہُ نَفْسُہٗ فَخَسَفَ اللّٰہُ بِہِ الْاَرْضَ فَہُوَ یَتَجَلْجَلُ فِیْہَا اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ )) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[3] حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’ایک شخص دو چادریں پہن کر اکڑ کر چل رہا تھا اور اپنے جی میں (ان قیمتی چادروں پر )اترا رہا تھا ،اللہ تعالی نے اسے زمین میں دھنسا دیا اور وہ اب قیامت تک مسلسل زمین میں دھنستا چلا جا رہا ہے ۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
Flag Counter