Maktaba Wahhabi

79 - 352
’’ اِنَّ اللّٰه یُحِبُّ الْمُقْسِطِیْنَ ‘‘ (اللہ تعالیٰ عدل کرنیوالوں سے محبت کرتا ہے ) یہ امر بالعدل کی تعلیل ہے ،جس کا مطلب ہے کہ اللہ تعالیٰ نے عدل وانصاف کا حکم اس لئے دیا کہ اسے عدل کرنے والوں سے محبت ہے۔ عدل کرنیوالوں سے اللہ کی محبت اس بات کو مستلزم ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے گا۔ { فَمَا اسْتَقَامُوْا لَکُمْ فَاسْتَقِیْمُوْالَھُمْ اِنَّ اللّٰه یُحِبُّ الْمُتَّقِیْنَ } ( جب تک وہ تم لوگوں سے معاہدہ نبھائیں ،تم بھی ان سے وفاداری کرو،اللہ تعالیٰ متقین سے محبت کرتا ہے) (التوبۃ:۴) … شر ح… اللہ تعالیٰ کافرمان:’’ فَمَا اسْتَقَامُوْا لَکُمْ فَاسْتَقِیْمُوْالَھُمْ ‘‘ یعنی جب تک مشرکین تمہارے ساتھ کیئے ہوئے معاہدہ پر قائم رہیں اور اسے نہ توڑیں تو تم بھی معاہدہ کی پاسداری کرتے ہوئے ان سے قتال سے گریز کرو۔ ’’ اِنَّ اللّٰه یُحِبُّ الْمُتَّقِیْن‘‘ یہ عہد نبھانے کے حکم کی علت ہے ۔چنانچہ اللہ تعالیٰ نے عہد پر قائم رہنے کا حکم اس لئے دیا کہ یہ اہلِ تقویٰ کا عمل اور وظیفہ ہے جن سے اللہ رب العزت محبت فرماتا ہے تو گویا اس آیتِ کریمہ میں اس بات کی طرف ایک لطیف اشارہ ہے کہ عہد پر قائم رہنا اوصاف ِمتقین میں سے ہے ۔تقوی : اللہ تعالیٰ سے ثواب کی امید اور اس کی سزا کے ڈر سے اس کی اطاعت کرتے ہوئے اس کی معصیت سے بچنے کا نام ہے ۔ { اِنَّ اللّٰه یُحِبُّ التَّوَّابِیْنَ وَیُحِبُّ الْمُتَطَھِّرِیْنَ } (البقرۃ:۲۲۲) ’’اللہ تعالیٰ توبہ کرنے والوں ، اور پاک رہنے والوں سے محبت کرتا ہے‘‘
Flag Counter